پاکستان کا فنانشل ایکشن ٹاسک فورس ایکشن پلان کے اطلاق کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ

جمعہ 18 اکتوبر 2019 17:14

پاکستان کا فنانشل ایکشن ٹاسک فورس ایکشن پلان کے اطلاق کو یقینی بنانے ..
پیرس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2019ء) پاکستان نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس ایکشن پلان کے اطلاق کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیاہے۔پاکستان نے اس عزم کا اعادہ فرانس کے دارالحکومت پیرس میں فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے جامع اجلاس میں کیا ہے۔ اجلاس 13 تا 18 اکتوبر پیرس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت اقتصادی امورکے وفاقی وزیرحماد اظہر نے کی۔

اجلاس میں فنانشل ایکشن ٹاسک فورس ایکشن پلان کے ضمن میں پاکستان کی پیش رفت اور ایشیاء وبحرالکاہل کیلئے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی پاکستان کے حوالہ سے مشترکہ تجزیاتی رپورٹ کا جائزہ لیاگیا۔پاکستان کے وفد نے اجلاس میں ایکشن پلان پر عمل درآمد کے ضمن میں پاکستان کے سیاسی عزم کااعادہ کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فنانشل ایکشن ٹاسک فورس ایکشن پلان کے حوالہ سے سٹیٹس کو کو برقرار رکھنے اور ایشیاء و بحرالکاہل کیلئے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی پاکستان کے حوالہ سے مشترکہ تجزیاتی رپورٹ کے ضمن میں 12 ماہ کی نگرانی مدت کا فیصلہ کیا گیا۔

پاکستانی وفد نے اجلاس کے موقع مختلف ممالک کی وفود سے ملاقاتیں کیں اورانہیں فنانشل ایکشن ٹاسک فورس ایکشن پلان کے حوالہ سے پاکستان کی پیش رفت اور منی لانڈرنگ و دہشت گردی کے مالی تعاون کے انسداد کیلئے پاکستان کے اقدامات سے آگاہ کیا۔اجلاس کے موقع پراقوام متحدہ کے ادارہ یواین اوڈی سی اور اے پی جی سیکرٹریٹ کے تعاون سے پاکستان کیلئے تکنیکی معاونت اورتربیت کی ضروریات کے حوالہ سے سیشن منعقد ہوا۔ اس سیشن میں کئی ممالک اوربین الاقوامی ایجنسیوں کے نمائندوں نے شرکت کی جن میں چین، امریکا، برطانیہ، کینیڈا، جاپان، یورپی یونین،عالمی بنک، آئی ایم ایف، ایشیائی ترقیاتی بنک اوریواین اوڈی سی شامل تھے۔