Live Updates

کشمیر کی آزادی کے لیے وزیراعظم عمران خان نے بازو پر سیاہ پٹی باندھ لی

کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے وزیرِ اعظم آفس میں دن تین بجے سائرن بجایا گیا اور پانچ منٹ کے لئے خاموشی اختیار کی گئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 18 اکتوبر 2019 16:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 اکتوبر 2019ء) : وزیراعظم عمران خان نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے بازو پر کالی پٹی باندھی ۔ وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ مقبوضہ کشمیر کے مظلوم کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے وزیرِ اعظم آفس میں دن تین بجے سائرن بجایا گیا اور پانچ منٹ کے لئے خاموشی اختیار کی گئی۔

دوسری جانب مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کی مہم جاری رکھتے ہوئے کہا ہے کہ مودی اب خوفزدہ ہے کہ کرفیو اٹھے گا تو خون ریزی ہو گی، مودی کشمیریوں کو محکوم بنانے کے لیے طاقت کا استعمال کرے گا۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ 75 دن سے مودی حکومت کا مقبوضہ کشمیر میں غاصبانہ قبضہ جاری ہے، بھارتی وزیر اعظم مودی سمجھتا ہے 9 لاکھ فوج کے ذریعے کشمیریوں کی آواز دبا لے گا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ دنیا مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں دیکھ رہی ہے، مودی اب خوفزدہ ہے کہ کرفیو اٹھے گا تو خون ریزی ہو گی، مودی کشمیریوں کو محکوم بنانے کے لیے طاقت کا استعمال کرے گا اور 9 لاکھ فوج بھیجنے کا مقصد دہشت گردی کا مقابلہ نہیں بلکہ 9 لاکھ فوج مسلط کر کے 80 لاکھ کشمیریوں میں دہشت پھیلائی جا رہی ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا نشانہ بننے والے معصوم کشمیریوں سے قریباً ہر فورم پر اظہار یکجہتی کیا۔ پاکستان بھر میں جمعہ کے دن خصوصی طور پر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا نشانہ بننے والے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا جاتا ہے جس کے پیش نظر آج وزیراعظم عمران خان نے بازو پر سیاہ پٹی باندھی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات