دنیا بھر میں کشمیر کاز کیلئے تارکین وطن کشمیری اور پاکستانیوں کی خدمات کی مثال نہیں ملتی، مظلوم کشمیریوں کی قربانیاں و کاوشیں آزادی کا سورج جلد طلوع ہونے میں مدد دینگی

ممتاز حریت رہنما الطاف احمد بٹ کا ویلتھم سٹو لندن میں کشمیر کانفرنس سے خطاب

جمعہ 18 اکتوبر 2019 17:38

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2019ء) جمو ں و کشمیر سالوویشن موومنٹ کے صدر ممتاز حریت رہنما الطاف احمد بٹ نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں کشمیر کاز کیلئے تارکین وطن کشمیری اور پاکستانیوں کی خدمات کی مثال نہیں ملتی، مظلوم کشمیریوں کی قربانیاں و کاوشیں آزادی کا سورج جلد طلوع ہونے میں مدد دینگی۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں ویلتھم سٹو لندن میں کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں صدر آزاد کشمیر سردار مسعود احمد خان، پبلک اکائونٹس کمیٹی آزاد کشمیر کے چیئرمین عبدالرشید ترابی، تحریک کشمیر برطانیہ کے سربراہ راجہ فہیم کیانی بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے جبکہ تقریب کی صدارت غلام ربانی افغانی نے کی اور سٹیج سیکرٹری بیرسٹر عابد حسین تھے۔

(جاری ہے)

تقریب کا انعقاد فیضان اسلا م برطانیہ نے کیا۔ الطاف احمد بٹ نے کہا کہ مودی کی ذہنیت دنیا پر آشکار ہو چکی ہے، وہ اب بری طرح ایکسپوز ہو رہا ہے، مودی سرینگر میں کاروبار چلا کر دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنا چاہتا ہے، یہ ایک حقیقت ہے کہ جس دن کرفیو اٹھا اس دن وہاں پر بھارتی فوج اور کشمیری نوجوانوں میں خونی ٹکرائو ہوگا۔

انہوں نے برطانوی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اس تنازعہ میں اپنا کردار ادا کرے۔ تقریب میں برطانیہ ممبران پارلیمنٹ اور سول سوسائٹی کی بڑی تعداد موجود تھی۔