موجودہ حکومت زراعت کے تمام شعبوں کو ترقی و بہتری کے راستے پر گامزن کرنے کے لئے کام کر رہی ہے،وزارت نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ

جمعہ 18 اکتوبر 2019 17:38

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2019ء) ملک میں کیج فارمنگ کے وسیع مواقع موجود ہیں، پاکستان میں دریا، تالاب اور جھیلیں موجود ہیں جس سے کیج فارمنگ فشریز کے شعبہ کو ترقی دے کر نہ صرف قیمتی زرمبادلہ حاصل کیا جا سکتا ہے بلکہ روزگار کے مواقع بھی بڑھائے جا سکتے ہیں۔ وزارت نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ کے ذرائع نے بتایا کہ موجودہ حکومت زراعت کے تمام شعبوں کو ترقی و بہتری کے راستے پر گامزن کرنے کے لئے کام کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

زرعی شعبہ کی ترقی وزیراعظم نیشنل زرعی ایمرجنسی پروگرام شروع کیا ہے جس سے زراعت کے ترقی کے لئے 13 منصوبے شروع کئے جائیں گے، موجودہ حکومت نے فشریز کے شعبہ کی ترقی اور بہتری کے لئے تین منصوبے شروع کئے ہیں، جھینگا مچھلی، کیج فارمنگ اور شمالی علاقہ جات میں ٹرائوٹ کی پیداوار اور افزائش کا منصوبہ بھی اس پروگرام کا حصہ ہے۔ فشریز کے شعبہ کی ترقی سے غذائی ضروریات کے ساتھ ساتھ روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور زرمبادلہ کے حصول میں مدد ملے گی۔ ذرائع نے بتایا کہ موجودہ حکومت فشنگ پالیسی لانے کے لئے کام کر رہی ہے جس کے تحت اس شعبہ سے وابستہ افراد کی تکنیکی مدد کی جائے گی۔