آئی جی پنجاب سے فلپائنی ایمبیسی کے پولیس کرنل اتاشی مسٹر مارلون کی ملاقات

جمعہ 18 اکتوبر 2019 17:42

آئی جی پنجاب سے فلپائنی ایمبیسی کے پولیس کرنل اتاشی مسٹر مارلون کی ..
لاہور۔18 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2019ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہاہے کہ پنجاب پولیس ماڈرن پولیسنگ کی طرز پر جدید ٹیکنالوجی اور فارنزک سائنس کے موثر استعمال سمیت عوام کی سہولت کیلئے سمارٹ اینڈ کمیونٹی پولیسنگ کے اصولوںپر عمل پیرا ہے جس کی بدولت سماج دشمن عناصر کے قلع قمع کے ساتھ ساتھ پبلک سروس ڈلیوری کے عمل میں دن بدن مزید بہتری آر ہی ہے۔

انہوں نے مزیدکہاکہ کرائم انویسٹی گیشن کیلئے پولیس فورس جدید علوم او ر ورکنگ ماڈیولز کے استعمال کو یقینی بنار ہی ہے جبکہ کائونٹر ٹیررزم فورس (سی ٹی ڈی ) صوبے کے تمام اضلاع میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں مصروف عمل ہے انہوں نے مزید کہاکہ غیر ملکی شہریوں ، سرمایہ کاروں اور ماہرین کے تحفظ کیلئے سپیشل پروٹیکشن یونٹ صوبے کے تمام اضلاع میں مصروف عمل ہے جبکہ شہریوں کی سہولت کیلئے پولیس خدمت مراکز کو تھانوں کی حدودسے الگ کردیا گیا ہے جہاں انہیں جدید انٹی گریٹڈ سسٹم کے تحت ایک ہی چھت تلے 14سہولیات مہیا کی جارہی ہیں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں فلپائنی ایمبیسی کے پولیس کرنل اتاشی مسٹر مارلون سے ملاقات کے دوران کیا ۔دوران ملاقات پنجاب پولیس کی دہشت گردی اور منشیات فروشوں کے خلاف جنگ، دو طرفہ تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فلپائنی پولیس کرنل اتاشی مسٹر مارلون نے محدود وسائل کے باوجود جرائم اور دہشت گردی کنٹرول کرنے میں پنجاب پولیس کی کاوشوں کوسراہتے ہوئے کہاکہ پنجاب پولیس عوام کی جان ومال کے تحفظ کا فریضہ بہترین انداز میں سر انجام دے رہی ہے اور پولیس ٹیموں کی بروقت کاروائیو ں کی بدولت صوبے میں دہشت گردی کے واقعات میں خاطر خواہ کمی آئی ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ کہ جدید ٹیکنالوجی کے حامل پنجاب پولیس کے مختلف پراجیکٹس بین الاقوامی معیار کے حامل اور قابل تعریف ہیں جبکہ سیف سٹی لاہور کی طرزمیںصوبے کے دیگر اضلاع میںمانیٹرنگ کے جدیدسرویلنس سسٹم کی تنصیب خوش آئندہے اور دونوں ممالک کی پولیس فورسز کے مابین انفارمیشن شئیرنگ اور پیشہ ورانہ تعاون کو مزید بڑھایا جائے گا۔ملاقات کے آخر میں آئی جی پنجاب اور فلپائنی پولیس کرنل کے مابین یادگاری شیلڈز کا تبادلہ بھی کیا گیا۔