برطانوی شاہی جوڑے کی پاکستان خصوصاً بادشاہی مسجد آمد سے بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ حاصل ہو گا، مولانا عبدالخبیر آزاد

جمعہ 18 اکتوبر 2019 17:42

برطانوی شاہی جوڑے کی پاکستان خصوصاً بادشاہی مسجد آمد سے بین المذاہب ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2019ء) بادشاہی مسجد کے خطیب مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا ہے کہ برطانوی شاہی جوڑے کی پاکستان خصوصا بادشاہی مسجد آمد سے بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ حاصل ہو گا اور عالمی سیاسی سطح پر بھی پاکستان کو اس دورے سے بہت فائدہ ہوگا۔ ’اے پی پی‘ سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ اس دورے سے پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات مزید بہتر ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ شہزادہ ولیم کی والدہ لیڈی ڈیانا اور والد شہزادہ چارلس مختلف مواقع پر بادشاہی مسجد آچکے ہیں اس لئے ان دونوں معزز مہمانوں نے بھی بادشاہی مسجد آنے کی خواہش ظاہر کی، اس دورے کے دوران میں نے انہیں مفتی تقی عثمانی صاحب کا انگلش ترجمہ والا قرآن کریم، بادشاہی مسجد کی تصویر، پاکستان کا بیانیہ پیغام پاکستان اور شہزادے و شہزادی کو چادریں بطور تحفہ پیش کیں جس کے بعد جب وہ مسجد کے اندر تشریف لائے تو ادب و احترام کے ساتھ انہوں نے تلاوت قرآن مجید سنی جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ کلام الہی کے ادب و احترام کے بارے میں وہ پہلے سے جانتے ہیں۔

(جاری ہے)

مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ میں نے معزز مہمانوں کو پاکستان میں موجود مذہبی ہم آہنگی اور رواداری کے بارے میں بتاتے ہوئے مسجد کے بالکل سامنے گوردوارے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ سکھ برادری آزادی سے وہاں اپنی عبادت کرتی ہے جبکہ مسجد میں ہم اپنی عبادت کرتے ہیں۔ مولانا آزاد نے کہا کہ اس موقع پر عالمی میڈیا بھی موجود تھا، شاہی جوڑے کی پاکستان آمد سے عالمی سطح پر پاکستان کا امیج بہت بہتر ہوگا جس کا کریڈٹ موجودہ حکومت کو جاتا ہے۔