پاکستان اور مصر کے درمیان باہمی تجارت کو فروغ دینے کے عمدہ مواقع پائے جاتے ہیں،صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس

جمعہ 18 اکتوبر 2019 17:48

پاکستان اور مصر کے درمیان باہمی تجارت کو فروغ دینے کے عمدہ مواقع پائے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2019ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید نے کہا کہ پاکستان اور مصرکے درمیان باہمی تجارت کو فروغ د ینے کے عمدہ مواقع پائے جاتے ہیں کیونکہ دونوں ممالک متعدد شعبوں میں ایک دوسرے کے تجارت کر سکتے ہیں ۔لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ پاکستان اور مصر نجی شعبوں کے درمیان مضبوط روابط قائم کرنے کی کوشش کریں تا کہ مشترکہ تعاون کے تمام ممکنہ مواقعوں سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے مصر کے وفد کے سربراہ اور مصر کی کمرشل سروس کے فرسٹ انڈر سیکرٹری جناب احمد انتر کے ساتھ ملاقات کے بعد اپنے ایک بیان میں کیا۔ محمد احمد وحید نے کہا کہ پاکستان اور مصر زراعت ، صنعت ، سیاحت اور تعمیرات سمیت متعدد شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دے کر اپنی معیشتوں کیلئے فائدہ مند نتائج حاصل کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ پاکستان زرعی اجناس ،انجینئرنگ گڈز، بلڈنگ میٹریل، کھاد اور کیمیکلز، ٹیکسٹائلز، چمڑے کی مصنوعات، کھیلوں اور میڈیکل کا سامان، آلات جراحی اور فارماسوٹیکلز سمیت متعدد اعلیٰ معیار کی مصنوعات تیار کر رہا ہے جن کی قیمتیں کئی ممالک کے مقابلے میں کم ہیں لہذا مصر کو چاہیے کہ وہ پاکستان سے ان مصنوعات کی درآمدات کو بڑھانے کی کوشش کرے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور مصر باقاعدگی کے ساتھ تجارتی وفود کا تبادلہ کرنے کی حوصلہ افزائی کریں اور نجی شعبوں کو ایک دوسرے کے ملک میں منعقد ہونے والی تجارتی نمائشوں میں شرکت کرنے میں سہولت فراہم کریں جس سے دوطرفہ تجارت میں کافی بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی موجودہ حکومت سیاحت کو فروغ دینے میں گہری دلچسپی رکھتی ہے جبکہ مصر اس شعبے میں پاکستان کے ساتھ بہتر تعاون کر سکتا ہے۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر طاہر عباسی اور نائب صدر سیف الرحمٰن خان نے کہا کہ پاکستان اس وقت افریقی ممالک کی مارکیٹوں تک بہتر رسائی حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور مصر کے ساتھ قریبی تعاون کو فروغ دے کر پاکستان اس مقصد کو بہتر انداز میں حاصل کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھی جغرافیائی لحاظ سے اہم خطے میں واقع ہے اور مصر پاکستان کے ساتھ تعاون مضبوط کر کے جنوبی ایشیاء سمیت دیگر ممالک تک بہتر رسائی حاصل کر سکتا ہے۔

اس طرح قریبی تعاون کا فروغ دونوں ممالک کے عوام کیلئے مثبت نتائج پیدا کرے گا۔انہوںنے اس عزم کا اظہار کیا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری مصر کے تجارتی وفود کو پاکستان کے ہم منصبوں کے ساتھ ملانے میں ہر ممکن تعاون کرے گا۔