ایس ای سی پی نے کاروباری آسانیاں فراہم کرنے کے لئے کریڈٹ ریٹنگ کمپنیز ضوابط2016 میں ترامیم کر دیں

جمعہ 18 اکتوبر 2019 17:48

ایس ای سی پی نے کاروباری آسانیاں فراہم کرنے کے لئے کریڈٹ ریٹنگ کمپنیز ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2019ء) سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے کریڈٹ ریٹنگ کمپنیوں کے فروغ، ان کے معیارات کو بہتر بنانے اور کاروباری آسانیاں فراہم کرنے کے پیش نظر کریڈٹ ریٹنگ کمپنیز ضوابط 2016میں ترامیم متعارف کروا دی ہیں۔ یہ ترامیم مقامی صنعت کی ترجیحات اوربہترین بین الاقوامی تجربات کی روشنی میں ترتیب دی گئی ہیں ۔

ریگولیٹری فریم ورک میں تبدیلی کا مقصد کاروبار میں آسانی فراہم کرنا ہیاور ریٹنگ پر سمجھوتہ کئے بغیر بزنس ریٹنگ کو فروغ دینا ہے۔کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں کو سہولت فراہم کرنے اور ان کی کاروباری لاگت میں کمی کیلئے ریگولیشنز میں سے پرائیویٹ ریٹنگز سے علیحیدگی کی دو سالہ لازمی مدت کی شرط، متعلقہ اداروں کی سالانہ فنانشل سٹیٹمنٹ کی فراہمی اور نادہندگی سے متعلقہ دستاویزات کی فراہمی کی شرائط ختم کر دی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ، متعلقہ انڈسٹری پر تجزیاتی رپوتوں کی فراہمی، درخواست کی اضافی نقول، تجدید شدہ تعلیمی کوائف اور کریڈٹ ریٹنگ کمپنیوں کے فنانشل سٹیٹمنٹس کی ان کی ویب سائٹس پر لازمی تشہیر کی شرائط بھی ختم کر دی گئی ہیں۔ پیشہ ور افراد کی حوصلہ افزائی کے لئے،انفرادی اشخاص کو کریڈٹ ریٹنگ کمپنی کے 40فیصد شئیر رکھنے کی اجازت بھی دے دی گئی ہے۔

اس بات کو یقینی بنانے کے لئے کہ کریڈٹ ریٹنگ کمپنیاں اپنے کام پر توجہ مر کوز رکھیں، کریڈٹ ریٹنگ کمپنیوں کو اپنے داخلی آڈٹ کو آؤٹ سورس کرنے کی اجازت بھی دے دی گئی ہے۔ یہ ضوابط کریڈٹ ریٹنگ کمپنیوں پر ریگولیٹری بوجھ کو کم کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔جس کے نتیجے میں کریڈٹ ریٹنگ کمپنیوں کی جانب سے کی جانے والی درجہ بندی کی ساکھ میں بھی بہتری آئے گی۔ نئے ترمیم شدہ ضوابط ایس ای سی پی کی ویب سائٹ پر فراہم کر دئے گئے ہیں۔