ٹویوٹا آزاد موٹرز کمپنی کے مالک سابق وزیر چوہدری محمد سعیدکو ایک کروڑ ہرجانے کا نوٹس جاری

جمعہ 18 اکتوبر 2019 18:18

ٹویوٹا آزاد موٹرز کمپنی کے مالک سابق وزیر چوہدری محمد سعیدکو ایک کروڑ ..
مظفرآباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2019ء) سپریم کورٹ آزاد جموں و کشمیر کی جانب سے ٹویوٹا آزاد موٹرز کمپنی کے مالک چوہدری محمد سعید سابق وزیر حکومت کے نام مبلغ ایک کروڑ ہرجانے کا نوٹس جاری کردیا۔سپریم کورٹ کا حکم۔سپریم کورٹ سے جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق مورخہ 11 اکتوبر 2019 کو سابق چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر جسٹس خواجہ شہاد احمدکی اسلام آباد میں سرکاری گاڑی محکمہ کسٹم نے ضبط کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ اس گاڑی کا کسٹم ادا نہیں کیا گیا۔

واضح رہے کی یہ گاڑی سپریم کورٹ آزاد جموں و کشمیر نے ٹویوٹا آزاد موٹرز میرپور سے خریدی تھی۔ رجسٹرار سپریم کورٹ کی جانب سے جاری نوٹس میں تحریر ہے کہ گاڑی کی ضبطگی کے واقعہ سے سپریم کورٹ آزاد جموں و کشمیر کی ساکھ اور احترام کو نقصان پہنچا ہے۔

(جاری ہے)

سپریم کورٹ نے چوہدری محمد سعید سابق وزیر حکومت جو کہ ٹویوٹا آزاد موٹرز کمپنی کے مالک ہیں کے نام نوٹس جاری کرتے ہوئے انہیں مبلغ پچاس لاکھ روپے سپریم کورٹ آزاد جموں و کشمیر جبکہ پچاس لاکھ روپے جناب جسٹس خواجہ شہاد احمد سابق چیف جسٹس سپریم کورٹ کو ادا کرنے کا حکم دیا۔

۔ سپریم کورٹ نے یہ حکم بھی دیا کہ چوہدری محمد سعید 7 ایام کے اندر وضاحت پیش کریں بصورت دیگر ان کے خلاف فوجداری قانون کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔