Live Updates

لاڑکانہ میں بھٹو کے چاہنے والوں نے ثابت کردیا کہ سندھ میں لوٹ کھسوٹ کا نظام مزید نہیں چل سکتا،خرم شیر زمان

بلاول زرداری سمیت سندھ حکومت کی پوری کابینہ پیپلز پارٹی کے امیدوار کی مہم چلانے میں مصروف تھی،شہزاد قریشی کے ہمراہ پریس کانفرنس

جمعہ 18 اکتوبر 2019 20:21

لاڑکانہ میں بھٹو کے چاہنے والوں نے ثابت کردیا کہ سندھ میں لوٹ کھسوٹ ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ لاڑکانہ میں بھٹو کے چاہنے والوں نے ثابت کردیا کہ سندھ میں لوٹ کھسوٹ کا نظام مزید نہیں چل سکتا۔ جس طرح کراچی کے عوام نے خوف کے بت توڑ کر عام انتخابات میں تحریک انصاف کو ووٹ دیا اسی طرح لاڑکانہ کے عوام کو ظالم اور فرسودہ نظام کے خلاف ووٹ دے کر ثابت کردیا کہ وہ اب کسی صورت موروثی سیاست اور فرسودہ نظام کو برداشت نہیں کریں گے۔

لا ڑکانہ پیپلز پارٹی کو شکست اس ماں کی بد دعا ہے جس کے بچے کو کتے کے کاٹنے کی ویکسین نہیں ملی تھی اور وہ بچہ تڑپ تڑپ کر مر گیا تھا۔لاڑکانہ میں پیپلز پارٹی کی نا اہل حکومت کی وجہ سے ایڈز کے کیسز میں ہوشربا اضافہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

یہ باتیں انہوں نے جمعہ کے روز پارٹی سیکریٹریٹ ’’انصاف ہاوس‘‘ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ اراکین سندھ اسمبلی شہزاد قریشی، ڈاکٹر سیما ضیاء اور پی ٹی آئی رہنما عمران صدیقی موجود تھے۔

خرم شیر زمان کا مزید کہنا تھا کہ لاڑکانہ پی ایس 11میں تاریخی فتح حاصل کرنے پر معظم علی عباسی کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔معظم عباسی نے پوری سندھ حکومت کے خلاف انتخاب لڑا ہے۔ ضمنی الیکشن کی مہم کے دوران بلاول زرداری سمیت سندھ حکومت کی پوری کابینہ پیپلز پارٹی کے امیدوار کی مہم چلانے میں مصروف تھی۔انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت کے وزراء لاڑکانہ میں ضمنی انتخاب کی مہم چلا کر تھک گئے تھے اسی لئے آج سندھ اسمبلی کا اجلاس بھی ملتوی کردیا ہے۔

پیپلز پارٹی نے سندھ کے ہر شعبے کو تباہی کے دہانے پہنچا دیا ہے۔ یہ نا اہل سندھ حکومت سندھ کے عوام کو نہ صاف پانی مہیا کر سکی ، نہ ہی صحت اور صفائی کی بنیادی سہولیات فراہم کیں۔ لاڑکانہ سمیت صوبے بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کے لئے ادویات موجود نہیں۔ صوبے بھر میں ایک بھی ایسا ضلع نہیں جہاں پیپا ٹائٹس کی ادویات موجود ہوں۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رہنما و رکن سندھ اسمبلی شہزاد قریشی کا کہنا تھا کہ پی ایس 11کے ضمنی انتخاب میں تاریخی فتح حاصل کرنے پر معظم علی عباسی کو مبارکباد اور لاڑکانہ کے عوام کو سلام پیش کرتے ہیں ۔

گزشتہ روز لاڑکانہ کی عوام نے پیپلز پارٹی کو مسترد کردیا ہے۔ آئندہ سندھ میں ہونے والے ہر انتخاب میں بھی شکست پیپلز پارٹی کا مقدر ہوگی۔ پیپلز پارٹی نے سندھ میں تعلیم ، صحت اور دیگر تمام شعبوں کو تباہ کردیا ہے۔ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کو عوامی مسائل سے کوئی غرض نہیں۔ جب تک سندھ کے وزراء کو کتے نہیں کاٹیں گے انہیں سندھ کی عوام کی تکلیف کا احساس نہیں ہوگا۔پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کے دن گنے جا چکے ہیں۔ لاڑکانہ کے انتخاب نے ثابت کردیا کہ سندھ کے لوگ اب تبدیلی کے خواہاں ہیں اور ہمیں امید ہے کہ انشاء اللہ بہت جلد سندھ میں تبدیلی آئے گی ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات