عاقب کی ٹیم پی ایل ایل کے پلے آف کیلئے ہی کوالیفائی نہیں کر پائی ،وقار یونس کا عاقب جاوید کو ٹیلیفون

جمعہ 18 اکتوبر 2019 20:29

عاقب کی ٹیم پی ایل ایل کے پلے آف کیلئے ہی کوالیفائی نہیں کر پائی ،وقار ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2019ء) بولنگ کوچ وقار یونس نے عاقب جاوید بھرپور جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ عاقب5برس سے لاہور قلندرز کے ڈائریکٹر ہیں ، ٹیم ایک بار بھی پی ایس ایل کے پلے آف کیلئے ہی کوالیفائی نہیں کرپائی، ان کو تو اعتراض کرنے کا کوئی حق ہی نہیں ہے۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹ کے مطابق سری لنکا سے ٹوئنٹی 20 سیریز میں وائٹ واش کے بعد سابق فاسٹ بولر عاقب جاوید نے ٹیم مینجمنٹ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا، انھوں نے کہا تھا مصباح کی جیسی شخصیت اور مائنڈ سیٹ ہے میں سوچ بھی نہیں سکتا کہ عمر اکمل اور احمد شہزاد کو ٹیم میں لانے کا فیصلہ ان کا ہوسکتا ہے، مصباح اور وقار یونس خود ان دونوں کے خلاف خط لکھتے رہے ہیں، مجھے یقین ہی نہیں کہ انھیں واپس لانے کا فیصلہ ان کا ہوسکتا ہے۔

گزشتہ روز فیصل آباد میں جب بولنگ کوچ وقار یونس سے عاقب جاوید کے ان کمنٹس کے بارے میں پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ جب میں نے سنا کہ عاقب جاوید نے ٹیم مینجمنٹ اور مصباح الحق کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے تو کافی حیرت ہوئی، میرے خیال میں وہ گذشتہ 5برس سے لاہور قلندرز کے ڈائریکٹر ہیں اور ان کی ٹیم ایک بار بھی پی ایس ایل کے پلے آف کیلئے ہی کوالیفائی نہیں کرپائی، ان کو تو اعتراض کرنے کا کوئی حق ہی نہیں ہے۔