Live Updates

وفاقی پولیس نے آزادی مارچ سے نپٹنے کی حکمت عملی بھی تیار کرلی

دھرنے کے شرکاء کو کیٹرنگ، ٹینٹ سروس، ہوٹلز، گیسٹ ہاؤسز، اور جنریٹرزاورساؤنڈ سسٹم نہ دیے جائیں، کسی بھی سرگرمی میں ملوث افراد کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ وفاقی پولیس کا مراسلہ جاری

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 18 اکتوبر 2019 19:24

وفاقی پولیس نے آزادی مارچ سے نپٹنے کی حکمت عملی بھی تیار کرلی
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔18 اکتوبر2019ء) وفاقی پولیس نے آزادی مارچ سے نپٹنے کی حکمت عملی بھی تیار کرلی ہے، وفاقی پولیس نے مراسلہ جاری کیا ہے کہ دھرنے کے شرکاء کو کیٹرنگ ، ٹینٹ سروس، ہوٹلز، گیسٹ ہاؤسز،اور جنریٹرزاورساؤنڈ سسٹم نہ دیے جائیں،کسی بھی سرگرمی میں ملوث افراد کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی پولیس نے مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ سے متعلق انتظامیہ کو ہدایت نامہ جاری کردیا ہے۔

وفاقی پولیس نے اپنے مراسلے میں ہدایت کی ہے کہ کیٹرنگ ، ٹینٹ سروس، ہوٹلز، گیسٹ ہاؤسز،اور جنریٹرزدھرنے کے شرکاء کو نہ دیے جائیں۔ دھرنے کے شرکاء کو ساؤنڈ سسٹم سمیت کوئی بھی چیز نہ دی جائے۔ایسی کسی بھی سرگرمی میں ملوث افراد کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

اسی طرح وفاقی پولیس نے شہر کے داخلی راستوں پر مظاہرین کو روک نے کی حکمت عملی بھی تیار کرلی ہے۔

دوسری جانب مولانا فضل الرحمن کے آزادی مارچ سے متعلق حکومتی مذاکراتی کمیٹی کی فہرست تیار کرلی گئی ہے، وزیر دفاع پرویز خٹک نے فہرست منظوری کیلئے وزیر اعظم کو بھیج دی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کمیٹی کے حتمی ناموں کی منظوری دیں گے۔ ان ناموں میں شاہ محمود قریشی، محمد میاں سومرو، اسد عمر سمیت دیگر نام تجویز کئے گئے ہیں۔ واضح رہے آج مسلم لیگ ن نے بھی باضابطہ آزادی مارچ میں شرکت کا اعلان کردیا ہے۔

صدر ن لیگ شہبازشریف سے آج اُن کی رہائشگاہ پر جے یوآئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ملاقات کی، جس میں سیاسی صورتحال، ملکی مسائل اور آزادی مارچ سے متعلق لائحہ عمل پر مشاورت کی گئی۔ ملاقات کے بعد شہبازشریف نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ 31 اکتوبر کو آزادی مارچ کیلئے جلسہ کرنے کا اعلان کردیا، جلسے میں اپنے اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے، پارٹی قائد نوازشریف کی ہدایت پر ن لیگ آزادی مارچ میں بھرپور شرکت کرے گی، جلسے میں پاکستان زندہ باد کہیں گے اور کشمیریوں کے حقوق کی بات کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم اور صحت سمیت ہر میدان میں مایوسی ہے۔اس حکومت کو جلد گھر جانا چاہیے اور ملک میں جلد نئے انتخابات ہونے چاہئیں۔ شہبازشریف نے کہا کہ موجودہ حکومت نے پاکستان کو تباہ کردیا، سرمایہ کاری ختم ہوگئی، مہنگائی عروج پر ہے۔ آج جو کچھ ہورہا ہے حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ وعدہ ہے کہ حکومت ملی تو معیشت کو 6 مہینوں میں پاؤں پر کھڑا کردیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات