بلاول کا لاڑکانہ میں ضمنی انتخابات کے نتائج کو چیلنج کرنے کا اعلان

نیب نے پی پی پی ورکرز اور ان کے خاندانوں کو نوٹسز بھیج کر قبل از انتخابات دھاندلی کی ، بلاول بھٹو زرداری

جمعہ 18 اکتوبر 2019 21:49

بلاول کا لاڑکانہ میں ضمنی انتخابات کے نتائج کو چیلنج کرنے کا اعلان
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اکتوبر2019ء) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی بلاول بھٹو زرداری) نے پی ایس 11 لاڑکانہ میں ضمنی انتخابات کے نتائج کو چیلنج کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر سے جاری اپنے پیغام میں انہوں نے کہا ہے کہ سچ کو چھپایا نہیں جاسکتا، ہم اس سلیکشن کو بے نقاب کریں گیاور دوبارہ انتخابات کروا کر اس سیٹ کو جیتیں گے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ مجھے اپنے جیالوں پر فخر ہے کہ دباؤ کے باوجود انہوں نے انتخابات کے لئے جدوجہد کی۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے پی پی پی ورکرز اور ان کے خاندانوں کو نوٹسز بھیج کر قبل از انتخابات دھاندلی کی ہے۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ خواتین کے پولنگ اسٹیشنز پر جہاں پی پی کی خاصی حمایت تھی، تاخیر سے پولنگ شروع کرائی گئی۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ میڈیا مسلسل رپورٹ کرتا رہا کہ خواتین ووٹرز کو دھمکایا جارہا ہے کہ وہ جی ڈی اے کو ووٹ دیں، ہماری بار بار کی شکایتوں کے باوجود الیکشن کمیشن نے کوئی نوٹس نہیں لیا۔انہوں نے کہا کہ سیاسی انجینئرنگ کے باوجود پی پی پی نے جی ڈی اے، جے یو آئی اور پی ٹی آئی اتحاد کی برتری کو ایک سال سے کم عرصے میں گھٹایا۔یاد رہے گزشتہ روز گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی ای) کے انتخابی امیدوار معظم عباسی نے ایک مرتبہ پھرغیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار کو شکست سے دوچار کرکے لاڑکانہ کے حلقے پی ایس -11 کی نشست پرکامیابی حاصل کی تھی۔

138 پولنگ اسٹیشنوں کے غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق جی ڈی اے کے معظم عباسی نے 31557 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی ہے جب کہ پیپلز پارٹی کے امیدوار جمیل سومرو 26021 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔