وزیر اعظم کی دو مسلم ممالک کے درمیان صلح کی کوششیں خوش آئند اور قابل تحسین ہیں، حافظ محمد ادریس

جمعہ 18 اکتوبر 2019 23:26

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اکتوبر2019ء) جماعت اسلامی پاکستان کے راہنما حافظ محمد ادریس نے جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کی دو مسلم ممالک کے درمیان صلح کی کوششیں خوش آئند اور قابل تحسین ہیں مگر یہ کوشش اللہ کا حکم سمجھ کر نہیں بلکہ ٹرمپ کے کہنے پر کی گئی ،جس سے پوری بھاگ دوڑ کو شکوک وشبہات نے گھیر لیا ہے ۔

ٹرمپ خود انسانیت کا دشمن ہے اس سے کسی خیر کی توقع رکھنا خود فریبی کے سوا کچھ نہیں ۔ٹرمپ پاکستان کی غیر جانبداری کوشک و شبہ سے دوچار کرنے کی سازش کررہا ہے ۔ حافظ محمد ادریس نے کہا کہ وزیر اعظم نے اب تک قوم کو نہیں بتایا کہ کشمیر پر ٹرمپ کی ثالثی کا کیا بنا ۔اگر ٹرمپ واقعی ثالثی میں مخلص ہوتا تو اب تک مودی کو راضی کرلیتا۔

(جاری ہے)

اڑھائی ماہ سے کرفیو کو بھی ختم نہ کراسکنے والا ٹرمپ مسئلہ کشمیر کیا حل کروائے گا۔

حافظ محمد ادریس نے کہا کہ جب تک مسلمان اپنے مسائل کے حل کیلئے متحد نہیں ہوتے دنیا کی کوئی طاقت ان کے مسائل حل نہیں کرے گی۔امریکہ اور مغربی استعمار مسلمانوں کے مسائل حل نہیں کرتے بلکہ مسائل پیدا کرتے ہیں۔انہوںنے کہا کہ مسلم ممالک کے حکمران جب اپنے مسائل کے حل کیلئے امریکہ روس یا اقوام متحدہ جاتے ہیں تو ان کی بے بسی پر ترس آتا ہے ۔

اگر انہیں اللہ پر ایمان ہوتا تو وہ اللہ سے رجوع کرتے ،اللہ تعالیٰ نے تو واضح طور پر فرمادیا ہے کہ یہود و نصاریٰ تمھارے دوست نہیں ہوسکتے ۔انہوں نے کہا کہ اتحاد عالم اسلامی کی جتنی ضرورت آج ہے پہلے کبھی نہ تھی ۔اگر عالم اسلام متحد ہوتا تو کشمیر اور فلسطین جیسے مسائل حل ہوچکے ہوتے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کی بنیاد پر اپنی ایک پہچان رکھتی ہے ۔

ہمارے نوجوان ،ماہرین تعلیم ،سائنسدانوں اور مختلف شعبوں میں خدمات دینے والے پاکستانیوں نے اپنی ذہانت کے بل بوتے پرہر جگہ اپنا لوہا منوایا ہے مگر پاکستانی پاسپورٹ کی وجہ سے ہر جگہ پاکستانیوں کو مسائل اور پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔حکمرانوں کی کرپشن کی داستانوں اور آئین و قانون کی بے توقیری کی وجہ سے پاکستان کو دنیا بھر میں بدنام کردیا ہے ۔