ہلالِ احمر پاکستان اور راولپنڈی سٹی ٹریفک پولیس کے مابین ابتدائی طبّی امداد کی تربیت سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر دستخط ک

ٹریفک پولیس اہلکاروں اور پولیس ریسپانس یونٹ کے عملہ کو فرسٹ ایڈ کی مہارتیں سکھائی جائیں گی

جمعہ 18 اکتوبر 2019 23:57

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اکتوبر2019ء) ہلالِ احمر پاکستان اور راولپنڈی سٹی ٹریفک پولیس کے مابین ابتدائی طبّی امداد کی تربیت سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر دستخط کردئیے گئے۔ معاہدہ کے تحت ٹریفک پولیس اہلکاروں اور پولیس ریسپانس یونٹ کے عملہ کو فرسٹ ایڈ کی مہارتیں سکھائی جائیں گی تاکہ وہ شہریوں کی کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بہتر طور پر مدد کرسکیں۔

دوسالہ معاہدہ پر دستخط سیکرٹری جنرل ہلال ِاحمر خالد بن مجید اور چیف ٹریفک آفیسر محمد بن اشرف نے کیے۔ ہلالِ احمر کے زیر ِ اہتمام 3 روزہ ایڈوانس فرسٹ ایڈ ٹریننگ کیلئے مقام کا تعین سٹی ٹریفک پولیس کرے گی۔ جس میں 30 کے قریب اہلکار شامل ہوں گے۔ ہلالِ احمر پنجاب برانچ پولیس اہلکاروں کیلئے ریفریشر کورس کا بھی انعقاد کرے گی۔

(جاری ہے)

ٹریفک پولیس اہلکاروں کیلئے چھتریاں، جیکٹس کی فراہمی کے علاوہ شہر کے مختلف مقامات پر ایمبولینس بھی کھڑی کی جائیں گی تاکہ ایمرجنسی کے دوران استعمال میں لائی جاسکیں۔

ٹریفک پولیس کا عملہ ہلالِ احمر کے رضاکاروں کو روڈ سیفٹی بارے آگاہی دے گا اور رضاکاروں کو "Volunteering in Police"کے تحت مختلف مواقع پر خدمات کی فراہمی پر بھی مامور کریں گے۔ معاہدہ پر دستخط کی تقریب میں چیئرمین ہلالِ احمر پاکستان ڈاکٹر سعید الٰہی، میاں عبدالرؤف ایڈووکیٹ، بریگیڈئر عبدالہادی و دیگر موجود دتھے۔