فیصل آباد،ضلع میں ممکنہ سموگ کے خطرات کے باعث مربوط انداز میں انسدادی اقدامات کئے جائیں ،ڈپٹی کمشنر محمد علی

متعلقہ محکمے احتیاطی وحفاظتی تدابیر پر عملدرآمد کے سلسلے میں متحرک رہیں تاکہ ممکنہ سموگ کی صورتحال سے احسن انداز میں نپٹا جاسکے،سٹرکٹ اینٹی سموگ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب

ہفتہ 19 اکتوبر 2019 00:03

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اکتوبر2019ء) ڈپٹی کمشنر محمد علی نے ہدایت کی ہے کہ ضلع میں ممکنہ سموگ کے خطرات کے باعث مربوط انداز میں انسدادی اقدامات کئے جائیں اس سلسلے میں متعلقہ محکمے احتیاطی وحفاظتی تدابیر پر عملدرآمد کے سلسلے میں متحرک رہیں تاکہ ممکنہ سموگ کی صورتحال سے احسن انداز میں نپٹا جاسکے۔انہوں نے یہ ہدایت ڈسٹرکٹ اینٹی سموگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل) میاں آفتاب احمد،ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات محمد طاہر،اسسٹنٹ کمشنرزنازیہ موہل،زوہا شاکر،خرم شہزاد بھٹی،محمد طیب،فیصل سلطان،سی ای او ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کاشف رضا اعوان،ڈائریکٹر پی ایچ اے عبداللہ نثار چیمہ کے علاوہ میونسپل کارپوریشن،ضلع کونسل،ٹرانسپورٹ اوردیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے دھواں چھوڑنے،کوڑا کرکٹ،پلاسٹک اور فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے پرعائد پابندی پر عملدرآمد کویقینی بنانے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک پولیس اور سیکرٹری آرٹی اے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف مہم تیز کریں۔انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ اڈوں سمیت اہم شاہرات اور عوامی مقامات پر دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈائون سے متعلق بینرز بھی آویزاں ہونے چاہیں۔

انہوں نے محکمہ زراعت سے کہا کہ وہ کسانوں کو فصلوں کی باقیات نہ جلانے کے بارے میں وسیع آگاہی مہم جاری رکھیں اورانہیں حکومت پنجاب کی طرف سے دفعہ 144کے نفاذ کے بارے میں آگاہ کریں تاکہ خلاف ورزی نہ ہونے پائے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ زگ زیگ ٹیکنالوجی کے تحت بھٹے لگانے کے عمل کو پروان چڑھائیں اس سلسلے میں بھٹہ خشت ایسوسی ایشنز سے رابطہ کیا جائے۔

ڈپٹی کمشنر نے تعلیمی اداروں میں سموگ کی روک تھام کے لئے آگاہی لیکچرز کا اہتمام کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے تمام متعلقہ محکموں کو ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لئے شجرکاری مہم کو تیز کرکے مطلوبہ اہداف جلد حاصل کرنے کی تاکید کی۔انہوں نے فیکڑیوں وکارخانوں کے بوائلر سے اٹھنے والے دھواں کی روک تھام کے لئے بھی اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کو ممکنہ سموگ کے مضر صحت اثرات کے دوران احتیاطی تدابیراختیار کرنے کے بارے میں آگاہی کے لئے بھی اقدامات کریں۔انہوں نے کہا کہ تمام محکمے سموگ پر قابو پانے کے لئے اپنے ذمہ ٹاسک کو ذمہ داری سے انجام دیں اس سلسلے میں ان کی کارروائیوں کے نتائج نظر آنے چاہیں۔اجلاس کے دوران ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات نے انسداد سموگ اقدامات پر عملدرآمد کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ انسدادی اقدامات جاری ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اب تک 30بھٹے زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل ہوچکے ہیں جبکہ فیکٹریوں وکارخانوںکے بوائلرز سے اٹھنے والے دھواں کی روک تھام کے لئے بھی اقدامات جاری ہیں۔