پنجاب کے بعد سندھ پولیس کی وردی بھی تبدیل کرنے کا فیصلہ

صوبائی محکمہ داخلہ نے وزيراعلیٰ سندھ کو سفارشات ارسال کردیں، ڈسٹرکٹ پوليس کيلئےہلکی نيلی شرٹ اور نيوی بلوٹراؤزر کی تجویز دی گئی ہے

muhammad ali محمد علی ہفتہ 19 اکتوبر 2019 00:33

پنجاب کے بعد سندھ پولیس کی وردی بھی تبدیل کرنے کا فیصلہ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 اکتوبر2019ء) پنجاب کے بعد سندھ پولیس کی وردی بھی تبدیل کرنے کا فیصلہ، صوبائی محکمہ داخلہ نے وزيراعلیٰ سندھ کو سفارشات ارسال کردیں، ڈسٹرکٹ پوليس کيلئےہلکی نيلی شرٹ اور نيوی بلوٹراؤزر کی تجویز دی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب میں پولیس کی وردی تبدیل کیے جانے کے بعد اب سندھ پوليس کی وردياں بھی تبديل کرنے کا فيصلہ کرلیا گیا ہے۔

نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق سندھ پولیس کی وردی تبدیل کرنے کے حوالے سے صوبائی محکمہ داخلہ نے وزيراعلیٰ سندھ کو سفارشات ارسال کردی ہیں۔ محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے بھیجی جانے والی سفارشات میں ضلعی پوليس کيلئے ہلکی نيلی شرٹ اور نيوی بلو ٹراؤزر کی تجویز دی گئی ہے۔ جبکہ ٹريفک پولیس کے لیے سفيد پولو شرٹ اور نیوی بلوٹراؤزر پر مشتمل نئی وردی کی تجویز دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم سندھ مراد علی شاہ نے تاحال سفارشات کا جائزہ نہیں لیا۔ وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے حتمی منظوری کے بعد سندھ پولیس کے سوا لاکھ سے زائد اہلکاروں کے یونیفارمز تبدیل کردیے جائیں گے۔ اس سے قبل پنجاب حکومت کی جانب سے بھی گزشتہ دور حکومت میں پولیس کی وردی تبدیل کر دی گئی تھی۔ پنجاب میں پولیس کی وردی کالے شرٹ اور خاکی پتلون ہوتی تھی، جسے بعد میں تبدیل کر کے نسواری رنگ کا کر دیا گیا۔

پنجاب پولیس کی وردی تبدیل کرنے پر اس وقت کی حکومت کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا اور حکومت کو مشورہ دیا گیا تھا کہ پولیس کی وردی تبدیل کرنے کی بجائے اس کی کارکردگی میں بہتری لانے کی کوشش کی جائے۔ جبکہ اب سندھ حکومت کو بھی یہی مشورہ دیا جا رہا ہے کہ وردی کی تبدیلی کے اقدامات کی بجائے پولیس کی کارکردگی کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کی جائے۔