Live Updates

مولانا فضل الرحمن کی سیاست ذاتی مفادات کے لئے ہے ، سینیٹر فیصل جاوید

ہفتہ 19 اکتوبر 2019 01:55

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2019ء) سینیٹر فیصل جاوید نی کہا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن اپنے ذاتی مفادات کے لئے گذشتہ حکومتوں کے اتحادی کی حیثیت سے اقتدار کے مزے لیتے رہے ہیں۔ انہوں نے جمعہ کونجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر موجودہ حکومت انہیںپارلیمنٹ میںکسی عہدے کی پیش کش کرے تو وہ آزادی مارچ کی قیادت نہیں کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جے یو آئی(ایف ) حکومت سے کچھ اور نہیں بلکہ مفاد حاصل کرنا چاہتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی (یو این جی ای) کے اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان نے مسلمانوں اور کشمیر کے سفیر کی حیثیت سے اپنا کردار ادا کیا۔سینیٹر نے کہاکہ پر امن احتجاج کرنے میں کوئی حرج نہیں لیکن امن و امان کی صورتحال پیدا کرنے میں جو بھی شخص ملوث پایا گیا ایسے عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مولانا کے بے مقصد مشن سے کوئی مسئلہ حل نہیں ہوگا۔موجودہ حالات میں پی ٹی آئی کی مقبولیت کے گراف کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عوام میں عمران خان کی مقبولیت کا گراف دن بدن بڑھتا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی سربراہی میں موجودہ حکومت نے موجودہ خسارے کو کنٹرول کیا ہے اور ملک کو دیوالیہ پن سے محفوظ رکھا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات