Live Updates

شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمان کا اہم پیغام نواز شریف کو پہنچا دیا ہے

شہباز شریف نے نواز شریف کو یہ پیغام نیب دفتر لاہور میں ہونے والی ملاقات میں دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 19 اکتوبر 2019 10:21

شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمان کا اہم پیغام نواز شریف کو پہنچا دیا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 اکتوبر 2019ء) : مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے اپنے بڑے بھائی اور پارٹی قائد نواز شریف کو جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا اہم پیغام پہنچا دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمان کا اہم پیغام نواز شریف کو نیب دفتر لاہور میں ہونے والی ملاقات میں دیا۔ اس حوالے سے نجی ٹی وی کے ذرائع نے بتایا کہ اس ملاقات میں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے امیر جمیعت علمائے اسلام (ف) سے ہونے والی ملاقات کی تفصیلات سے نواز شریف کو آگاہ کیا اور تمام امور پر اعتماد میں لیا۔

مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کو سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کرنے کی اجازت چیئرمین نیب کی جانب سے ملنے والی منظوری کے بعد دی گئی تھی۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے سابق وزیراعظم کو اس حکمت عملی سے بھی آگاہ کیا جو پارٹی آزادی مارچ کے حوالے سے اپنائے گی۔میاں نواز شریف نے اپنے چھوٹے بھائی کو نہ صرف ضروری ہدایات دیں بلکہ ان پر واضح کیا کہ مولانا فضل الرحمان کا مکمل ساتھ دیں اور بھرپور تعاون کریں۔

میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف کے مابین ہونے والی ملاقات کے حوالے سےمسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے جاری کردہ اپنے بیان میں کہا کہ ملاقات میں سابق وزیراعظم نوازشریف کے حوصلے بلند تھے۔ نوازشریف کی جانب سے27 اکتوبرکو ملک گیر سطح پریوم سیاہ منانےکے فیصلے کی تائید کی گئی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ نواز شریف نے ہدایت دی کہ 27 اکتوبرکو کشمیریوں سے بھرپور اظہاریکجہتی کیا جائے۔ خیال رہے کہ حکومت کے خلاف آزادی مارچ اور دھرنے سے متعلق گذشتہ روز جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کے مابین ملاقات ہوئی تھی۔
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات