شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمن کے درمیان کیا باتیں ہوئیں، اندرونی کہانی سامنے آ گئی

میڈیا رپورٹس کے مطابق اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا کہ اگربلاول بھٹوزرداری آزادی مارچ میں شرکت کرے گا تبھی میں بھی شریک ہوں گا

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 19 اکتوبر 2019 12:19

شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمن کے درمیان کیا باتیں ہوئیں، اندرونی ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19اکتوبر2019ء) جیسے جیسے جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی جانب سے اعلان کردہ آزادی مارچ کی تاریخ قریب آتی جا رہی ہے، سیاسی درجہ حرارت میں بھی اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ گزشتہ روز قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کے حوالے سے میڈیا ذرائع کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ شہباز شریف نے آزادی مارچ میں اپنی شرکت بلاول بھٹو زرداری کی شمولیت سے مشروط کر دی ہے۔

انہوں نے مولانا فضل الرحمن سے کہا ہے کہ وہ اسی صورت میں آزادی مارچ میں شرکت کریں گے، اگر پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی اس میں بذاتِ خود شمولیت کریں گے۔ شہباز شریف نے مولانا سے کہا ہے کہ وہ پیپلز پارٹی کی دوسرے درجے کی قیادت کے ساتھ کھڑے نہیں ہو سکتے۔

(جاری ہے)

پیپلز پارٹی اس آزادی مارچ اور جلسے میں جس سطح کا وفد بھیجے گی، مسلم لیگ (ن) کی جانب سے بھی اسی سطح کا وفد بھیجا جائے گا۔

انہوں نے مولانا فضل الرحمن پر واضح کر دیا کہ بلاول بھٹو زرداری کی عدم شمولیت پر اُن کی بجائے احسن اقبال مسلم لیگ (نواز)کی جانب سے ن لیگی جتھے کی قیادت کریں گے۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ وہ کمر کی تکلیف کا شکار ہیں، اگر اُن کی صحت بہتر ہوئی تو پھر وہ اسلام آباد جانے کی کوشش کریں گے۔ واضح رہے کہ بلاول بھٹو کی جانب سے اس آزادی مارچ میں شرکت سے پہلے ہی انکار کیا جا چکا ہے۔

معروف تجزیہ کار محمد مالک نے بھی دعویٰ کیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت اور کارکنان مولانا فضل الرحمن کی جماعت جمعیت العلمائے اسلام (ف) کے دھرنے میں شرکت نہیں کرے گی، بلکہ صرف 31 اکتوبر کے جلسے میں شریک ہو گی، اور پھر وہاں سے واپس آ جائے گی۔ ایک نجی ٹی وی چینل میں دعویٰ کرتے ہوئے محمد مالک کا کہنا تھا کہ خبر یہی ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی مولانا کے ساتھ مکمل طور پر نہیں ہیں۔ کیونکہ انہوں نے اپنی آگے کی اینڈ گیم نہیں بتائی۔ انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ ان کا فائنل پلان کیا ہے۔