مصر، اداکار محمد رمضان کو کاک پٹ پر بٹھانے پر پائلٹ پر تاحیات پابندی عائد کردی گئی

قوانین کی خلاف ورزی کی تصدیق کے بعد ہم نے غیر ذمہ دارانہ حرکت پر انتہائی قدم اٹھایا ہے، مصری وزارت سول ایوی ایشن

ہفتہ 19 اکتوبر 2019 13:27

مصر، اداکار محمد رمضان کو کاک پٹ پر بٹھانے پر پائلٹ پر تاحیات پابندی ..
قاہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2019ء) مصر میں ایک پائلٹ پر سعودی عرب جاتے نجی پرواز کے دوران مشہور ادارکار محمد رمضان کو کاک پٹ پر سفر کی اجازت دینے کی پاداش میں تاحیات پابندی عائد کردی گئی۔غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق مشہور اداکار نے سوشل میڈیا میں ایک ویڈیو جاری کی تھی جس میں وہ معاون پائلٹ کے برابر میں براجمان تھے اور کنٹرول سنبھالا ہوا تھا جس کے بعد پائلٹ کے لائسنس کو منسوخ کردیا گیا اور معاون پائلٹ پر ایک سال کی پابندی عائد کردی گئی جبکہ نجی پرواز کے حوالے سے تفصیلات بھی جاری نہیں کی گئیں۔

مصر کی وزارت سول ایوی ایشن نے ایک بیان میں کہا کہ مصر کے سول ایوی ایشن قوانین کی خلاف ورزی کی تصدیق کے بعد ہم نے غیر ذمہ دارانہ حرکت پر انتہائی قدم اٹھایا ہے۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا ہے کہ مصری ایئرلائنز کی کمپنیوں کو ایوی ایشن کے قانون پر عمل ضروری ہے۔اداکار و گلوکار محمد رمضان نے 13 اکتوبر کو سوشل میڈیا میں مذکورہ ویڈیو جاری کرتے ہوئے کیمرے کے سامنے کہا تھا کہ ‘پہلی نوعیت کا پہلا واقعہ، میں جہاز چلائوں گا۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ کاک پٹ میں داخل ہوتے ہیں اور پائلٹ کے برابر میں بیٹھ کر ہاتھوں کو کنٹرول وہیل میں رکھے ہوئے ہیں،اسی دوران نامعلوم شخص کی آواز گونجتی ہے جس میں کہتے ہیں کہ ‘محمد رمضان ہی ہیں جو اس وقت جہاز اڑا رہے ہیں۔مصری قوانین کے مطابق دوران پرواز کسی بھی مسافر کو کاک پٹ پر داخلے کی اجازت نہیں ہے۔ویڈیو سوشل میڈیا میں جاری ہوتے ہیں اکثر صارفین نے غصے سے ردعمل دیا اور اداکار کے بائیکاٹ کا بھی مطالبہ کیا۔