Live Updates

”اثاثے کیوں چھُپائے؟“، فریال تالپور پر نااہلی کی تلوار لٹکنے لگی

پی ٹی آئی ارکان نے فریال تالپور کی شہداد کوٹ میں ملکیتی60 ایکڑ زرعی زمین کے کاغذات الیکشن کمیشن میں پیش کر دیئے

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 19 اکتوبر 2019 13:06

”اثاثے کیوں چھُپائے؟“، فریال تالپور پر نااہلی کی تلوار لٹکنے لگی
کراچی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19اکتوبر2019ء) پاکستان پیپلز پارٹی کی اہم رہنما اور قومی اسمبلی کی ممبر فریال تالپور کے نااہل ہونے کا خطرہ اُن کے سر پر منڈلانے لگا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور کے خلاف پاکستان تحریک انصاف کے اسمبلی اراکین مبینہ طور پر اہم شواہدسامنے لے آئے ہیں۔پی ٹی آئی ارکان نے فریال تالپور کی شہداد کوٹ میں ملکیتی60 ایکڑ زرعی زمین کے کاغذات الیکشن کمیشن میں پیش کر دیئے، یہ وہ اثاثے ہیں جو فریال تالپور نے الیکشن کمیشن کے سامنے ظاہر نہیں کیے۔

پی ٹی آئی ارکان کے مطابق فریال تالپور نے شہداد کوٹ والی یہ زرعی زمین الیکشن کمیشن میں ظاہر نہیں کی، اس وجہ سے اُنہیں الیکشن کمیشن کی جانب سے نااہل کیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

فریال تالپور کی ملکیتی اس زمین کا ریکارڈ شہداد پور کے ریونیو ریکارڈ میں بھی موجود ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل کی
میڈیا رپورٹس میں نیب ذرائع کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری اور اُن کی ہمشیرہ فریال تالپور کے خلاف مزید جعلی اکاؤنٹس کیس میں مزید ثبوت ہاتھ لگ گئے ہیں۔

جس کے بعد دونوں بہن بھائی کے گرد گھیرا مزید تنگ ہوتا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق بلاول ہاؤس کے اطراف 10 پلاٹ خریدے گئے، ان تمام پلاٹوں کی ادائیگی جعلی اکاؤنٹس سے کی گئی۔ نیب ٹیم نے خریداری کے لیے بینک ٹرانزیکشن کے شواہد حاصل کر لیے ہیں۔ ذرائع نے اپنے دعویٰ میں مزید کہا ہے کہ کہ کلفٹن بلاک3اسکیم 5کے پلاٹ نمبر ایف 1سے ایف10تک کے خریدے گئے ان دس پلاٹوں کی خریداری کے لیے ادائیگی جعلی اکاؤنٹ سے کی گئی۔

خریدی گئی جائیداد کا کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) حکام نے غیرقانونی انضمام بھی کیا۔ رقم ایک سال کے دوران 3بینکوں کے13اکاوٴنٹ سے ادا کی گئی۔ نیب نے کہا انضمام کے لیے کے ڈی اے کوزرداری گروپ کے لیٹر ہیڈپردرخواست دی گئی۔ ان پلاٹوں کا انضمام 2012میں سابق ڈی جی منظور قادر کاکا نے کیا جبکہ ڈائریکٹر کمرشل کے ڈی اے ،جے آئی ٹی کیس میں گرفتارنجم الزمان متعلقہ فائلوں پر دستخط کیے۔

ذرائع کا کہنا تھا زرداری گروپ کی مجاز ڈائریکٹر فریال تالپور کے نام انضمام کی منطوری دی گئی۔ جعلی اکاوٴنٹ سے خریدے گئے پلاٹوں کا رقبہ 20ہزار مربع گزہے۔ یاد رہے 10 جون کو جعلی بینک اکاوٴنٹس کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور کی درخواست ضمانت مسترد کردی تھی اور گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا۔ جس کے بعد نیب ٹیم نے سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور کو گرفتار کرلیا تھا، بعد ازاں دونوں کو احتساب عدالت میں پیش کیا گیا ، جہاں عدالت نے آصف زرداری اور فریال تالپور جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا تھا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات