Live Updates

وفاقی وزیر شیخ رشید کی پریس کانفرنس سے پہلے لیگی ترانہ بج گیا

پریس کانفرنس کی کوریج کے لیے گئے اُردو پوائنٹ کے نمائندہ خصوصی نے تفصیل بتا دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 19 اکتوبر 2019 13:56

وفاقی وزیر شیخ رشید کی پریس کانفرنس سے پہلے لیگی ترانہ بج گیا
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 اکتوبر 2019ء) : وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید نے لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کی۔ وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید کی مولانا فضل الرحمن کے مارچ کے حوالے سے پریس کانفرنس سے پہلے ریلوے ہیڈ کوارٹر میں "سوہنا لگدا میاں شہباز اے" میاں دے نعرے وجنے نے کا ترانہ لگ گیا جس پر صحافیوں کے قہقہے لگ گئے بعد ازاں ریلوے سٹاف کی آمد پر یہ ترانہ بند کیا گیا۔

موقع پر موجود اُردو پوائنٹ کے نمائندہ خصوصی فرخ شہباز وڑائچ کا کہنا ہے کہ اطلاعات ہیں کہ کسی صحافی نے شرارت کرتے ہوئے یہ ترانہ لگا کر موبائل مائیک کے سامنے رکھ دیا جس سے ماحول لیگی ترانوں سے گونج اُٹھا۔
خیال رہے کہ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کے حوالے سے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کئی مرتبہ کہہ چکے ہیں کہ وہ ہماری پارٹی کا بندہ ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب صحافیوں سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ مذاکرات کے دروازے بند کرنا جمہوریت کے خلاف ہے، سارے چودھری مر جائیں تب بھی مولانا کو اقتدار نہیں ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ دھرنا ابھی گرے لسٹ میں ہے، جمیعت علمائے اسلام (ف) نے ابھی دھرنے کی بات نہیں کی، جن کے اشاروں پر مولانا کھیلنے جا رہے ہیں ان کی سیاست تباہ ہو جائے گی، اس بار جمہوریت کو شب خون لگا تو فیصلے جلد ہوں گے۔

شیخ رشید نے کہا کہ میری درخواست تاخیر سے سنی گئی لیکن عمران خان نے کمیٹی بنا دی ہے۔ مدرسے دین کے مینار ہیں اور میں ان کے ساتھ کھڑا ہوں۔ انہوں نے مولانا فضل الرحمان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مولانا گولڈن ٹمپل گئے لیکن انہوں نے کبھی قائداعظم کے مزار پر حاضری نہیں دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں دینی طاقتوں کا ترجمان ہوں، مولانا فضل الرحمان اور علما سے معاملات 21 سے 26 تک بہتر ہو‍جائیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات