ایک بار پھر ٹیم کراچی ایکسپرس نے سب سائیکلسٹوں کے چھکے چھڑا کر کلین سوئپ کردیا

گریٹ شہدائے سندھ پولیس زندہ باد سعید بٹ سفیر بٹ میموریل سائیکل ریس عرفان بلوچ نے جیت لی

ہفتہ 19 اکتوبر 2019 18:39

ایک بار پھر ٹیم کراچی ایکسپرس نے سب سائیکلسٹوں کے چھکے چھڑا کر کلین ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2019ء) سندھ پولیس کے شہداء اور حاضرسروس افسران و جوانوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے آج ’’گریٹ شہدائے سندھ پولیس زندہ باد سعید بٹ سفیر بٹ میموریل نارکوٹکس فری پاکستان سائیکل ریس‘‘ ٹیم کراچی ایکسپریس کے عرفان احمد بلوچ نے 1گھنٹہ 16منٹ میں جیت لی۔ 50کلومیٹر طویل سائیکل ریس کا افتتاح ڈیزاسٹر کنسلٹینٹ میجر (ر) سعید اختر جدون نے ریس کے چیف آرگنائزر اور کراچی و سندھ سائیکلنگ ایسو سی ایشن کے جنرل سیکریٹری ملک کلیم احمد اعوان کے ہمراہ فلیگ آف کر کے مزار قائد کے وی وی آئی پی گیٹ سے کیا۔

پاکستان رینجرز سندھ ،کراچی پولیس چیف اور کراچی ٹریفک پولیس چیف کے سخت حفاظتی حصار میں اس سائیکل ریس میں 110تیز رفتار سائیکلسٹوںکی شرکت کے ساتھ ہونے والی اس سائیکل ریس میں عاشر بلوچ نے 5سیکنڈ کے فرق کے ساتھ دوسری اور ذوہیب بلوچ نے 7سیکنڈ کے فرق کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔

(جاری ہے)

سائیکلسٹ مزار قائد سے روانہ ہوکر پیپلز چورنگی، شاہراہ قائدین، شاہراہ فیصل، کارساز، ڈرگ روڈ، شاہ فیصل کانونی اور کورنگی بائی پاس پل ، سنگر چورنگی کورنگی انڈسٹریل ایریا، بلال چورنگی، ویٹا چورنگی، گودام چورنگی اور کورنگی کراسنگ سے ہوتے ہوئے لانڈھی پولیس پہنچے جہاں ایس ایچ او لانڈھی سعادت احمد بٹ اور انکی ٹیم نے سائیکلسٹوں کا شاندار استقبال کیا اور پھولوںکے ہار بھی پہنائے ۔

تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کلیم اعوان نے شہداء کو شاندار خراج تحسین پیش کیا۔سعادت بٹ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہداء کو یاد رکھنے کے اس مشن کو خوب سراہا اور ٹیم کلیم اعوان کو بھرپور شاباش پیش کی اور پوزیشن حاصل کرنے والے سائیکلسٹوں میں نقد انعامات، گولڈن ٹرافیاں، شیلڈز اور خصوصی اسناد تقسیم کیں ۔ آخر میں ایس ایچ ا و لانڈھی سعادت بٹ نے سائیکلسٹوں اور منتظمین کے لئے پور تکلف دعوت حلیم کا اہتمام کیا۔