آزادی مارچ ، جڑواں شہروں کی پولیس اور انتظامیہ نے مشترکہ لائحہ عمل کے لئے سر جوڑ لئے

اسلام آباد میںکسی شخص یا گروہ کو کوئی سڑک بند کرنے دی جائے گی نہ کسی کو شہریوں کی آزادی سلب کرنے کی اجازت دی جائے گی،انتظامیہ

ہفتہ 19 اکتوبر 2019 21:04

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اکتوبر2019ء) جڑواں شہروں کی پولیس اور انتظامیہ نے جمعیت علما اسلام (ف)کی کال پر آمدہ آزادی مارچ اور مسلم لیگ ن و پیپلز پارٹی سمیت اپوزیشن جماعتوں کی متوقع شرکت کے خوف سے مشترکہ لائحہ عمل کے لئے سر جوڑ لئے ہیں اس ضمن میںنسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد عامر ذوالفقار ، آر پی او راولپنڈی احسان طفیل اور سی پی او راولپنڈی فیصل رانا نے فیض آباد فلائی اوور سمیت مختلف مقامات کا جائزہ لیا اور آزادی مارچ کو ناکام بنانے کے حوالے سے مشاورت کی گئی جس میں فیصلہ کیا گیا کہ راولپنڈی اور اس کے جڑواں شہراسلام آباد میںکسی شخص یا گروہ کو کوئی سڑک بند نہیں کرنے دی جائے گی نہ ہی کسی کو شہریوں کی آزادی سلب کرنے کی اجازت دی جائے گی اوراحتجاج کے نام پر قانون ہاتھ میں لینے والوں کوفوری گرفتارکیا جائے گااس موقع پر یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ کسی کو جتھوں،لشکروں یا جلوس کی صورت میں لا قانونیت کرتے ہوئے جڑواں شہروں میں داخل نہیں ہونے دیں گے جڑواں شہروں کے چپے چپے پر قانون کی حکمرانی قائم کی جائے گیجس کے لئے اسلام آبادمحکمہ داخلہ اور پنجاب حکومت کی جانب سے جاری ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کیا جائے گاادھر ذرائع کے مطابق راولپنڈی پولیس نے تمام مدارس کے ساتھ ہوٹلوں اور سرائے کی نگرانی بھی سخت کر دی ہے جبکہ اسلام آبادد پولیس کی طرز پر کیٹرنگ والوں کو بھی تنبیہ کی گئی ہے کہ وہ آزادی مارچ کے شرکا کو کھانے پینے سمیت کسی قسم کی کوئی سہولت فراہم نہ کریں ۔