Live Updates

بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کرینگے، لیاقت بلوچ

الیکشن کمیشن آف پاکستان نامکمل ہے یہ صریحا آئین سے انحراف ہے۔حکمران آئین سے بغاوت کی روش ترک کردیں، عمران بھی نواز شریف اور زرداری ٹریک پر چل رہے ہیں ، نائب امیر جماعت اسلامی

ہفتہ 19 اکتوبر 2019 21:07

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اکتوبر2019ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہاکہ جماعت اسلامی بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کرے گی۔الیکشن کمیشن آف پاکستان نامکمل ہے یہ صریحا آئین سے انحراف ہے۔حکمران آئین سے بغاوت کی روش ترک کردیں ۔حکومت وفاق سمیت صوبوں میں بلدیاتی انتخابات کے لیے سنجیدہ اقدامات نہیں کر رہی۔

عمران خان بھی نواز شریف ،بے نظیر ،اور زرداری ٹریک پر چل رہے ہیں۔پیپلز پارٹی نے کبھی بھی بلدیاتی اداروں کے لیے مثبت رویے کا اظہار نہیں کیا۔منصورہ میںجمعیت اتحاد العلماء پاکستان کے وفد سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ سعودی عرب اور ایران کے تعلقات معمول پر آجائیں اور خلیج میں کشیدگی کا خاتمہ ہوجائے تو عالم اسلام کے بہت سے مسائل حل ہوجائیں ۔

(جاری ہے)

امریکہ اور اس کے حواری کشیدہ تعلقات کا فائدہ اٹھا کر بارود اور ہتھیار مسلط کرتے ہیں جس سے وسائل ہڑپ کرنا ہی ان کا اصل ہدف ہے ۔انہوں نے کہا کہ اتحاد امت ناگزیر ہے ۔قتل و غارت گری کے نئے جنگی محاذ کھولنے کی بجائے جاری کشیدگی سمیٹی جائے اور مسلم عوام کی حالت زار پر رحم کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ اسلام دشمن قوتوں کو ایجنڈا ناکام بنائے بغیر امت کے مسائل حل نہیں ہوسکتے ۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکومت بلدیاتی انتخابات میں سنجیدہ نہیں ۔سابقہ حکومتوں کی طرح پی ٹی آئی حکومت بھی با اختیار بلدیاتی نظام دینے کو تیار نہیں ۔جماعت اسلامی پورے ملک میں بااختیار بلدیاتی اداروں کی بحالی کیلئے تحریک چلائے گی۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکومت لاہور میں ٹرام سروس بھی بنائے مگر اورنج لائن ٹرین پر لگے اربوں کے سرمایہ کو ڈوبنے سے بچایا جائے ۔اس کا حشر بھی بی آر ٹی پشاور والا نہ کیا جائے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات