آئندہ بلدیاتی انتخابات میں پیپلزپارٹی کراچی کی سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آئے گی، نوید بھٹی

ہفتہ 19 اکتوبر 2019 21:07

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اکتوبر2019ء) پاکستان پیپلزپارٹی کراچی ڈویڑن کے سیکرٹری ریکارڈ اینڈ ایونٹس نوید بھٹی نے کہا ہے کہ 18اکتوبر کو سانحہ کارساز کے شہدا کی یاد میں ہونے والے پیپلزپارٹی کے کامیاب جلسے نے ثابت کردیا ہے کہ شہر قائد بھٹو کے چاہنے والوں کا شہر ہے۔آئندہ بلدیاتی انتخابات میں پیپلزپارٹی کراچی کی سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آئے گی۔

لاڑکانہ میں بدترین دھاندلی کرکے ہمارے امیدوار کو شکست سے دوچار کرایا گیا ،ہم اس دھاندلی کو ہر فورم پر چیلنج کریں گے اور اپنی نشست دوبارہ واپس لیں گے۔ہفتہ کو جاری بیان میں نوید بھٹی نے کہا کہ 18اکتوبر کو کراچی میں ہونے والا پیپلزپارٹی کا جلسہ تاریخ ساز ثابت ہوا ہے۔کراچی کے شہریوں نے ثابت کیا ہے کہ انہوں نے لسانی سیاست کو مسترد کرتے ہوئے شہید بھٹو کے نظریے کو اپنالیا ہے۔

(جاری ہے)

جلسے سے بلاول بھٹو زرداری کا خطاب قوم کی امنگوں کا ترجمان تھا۔بلاول بھٹو زرداری نے ا س جلسے میں سلیکٹڈ حکمرانوں کے خلاف طبل جنگ بجادیا ہے۔چیئرمین پیپلزپارٹی کے حکم پر پیپلزپارٹی کراچی کے کارکن اس ناجائز حکومت کے خلاف ہراول دستے کا کردار ادا کریں گے اور بلاول بھٹو زرداری کے سپاہی بن کر یوٹرن خان کی حکومت کو گھر بھجوادیں گے۔انہوںنے کہا کہ آئندہ بلدیاتی انتخابات میں پیپلزپارٹی کراچی کی سب سے بڑی جماعت ابھرے گی اور نفرت کی سیاست کرنے والوں کو مسترد کردے گی۔

نوید بھٹی نے کہا کہ لاڑکانہ میں دھاندلی کے ذریعے الیکشن جیتنے والوں کی خوشی عارضی ہے۔ہمارے امیدوار جمیل سومرو کو پولنگ اسٹیشنز میں داخلے کی اجازت نہ دینا ،خواتین کے پولنگ اسٹیشنز پر تاخیر سے پولنگ کا آغاز کرنا اور اس طرح کے دیگر ہتھکنڈے استعمال کرکے پیپلزپارٹی کو شکست دی گئی ،ہم اس دھاندلی کو ہر قانونی پلیٹ فارم پر چیلنج کریں گے اور الیکشن میں کی گئی بے قاعدگیوں کو بے نقاب کریں گے۔لاڑکانہ کی اس نشست پر جلد دوبارہ الیکشن ہوگا اور پیپلزپارٹی اپنی نشست دوبارہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگی۔