میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوشن ایکٹ کیخلاف ینگ ڈاکٹرز بھی سڑکوں پر نکل آئے

بے نظیر بھٹو ہسپتال کے سامنے احتجاجی مظاہرہ ، دھرنا دیا ،پنجاب حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی ، ٹریفک بندش سے نظام درہم برہم ،تینوں الائیڈ ہسپتالوں کی او پی ڈی میں پہلے ہی 9 روزہ ہڑتال ہے

ہفتہ 19 اکتوبر 2019 21:21

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اکتوبر2019ء) میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوشن ایکٹ کے خلاف راولپنڈی کے تینوں الائیڈ ہسپتالوں کی او پی ڈی میں9روزہ ہڑتال کے بعد ہفتہ کے روزینگ ڈاکٹرز سڑکوں پر نکل آئے ڈاکٹروں نے بے نظیر بھٹو ہسپتال کے سامنے مری روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا اور دھرنا دیااور پنجاب حکومت کے خلاف شدید نعرہ بازی کی اس موقع پر 1گھنٹے تک مری روڈ کی بندش کی باعث شہر میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے صدرڈاکٹر عظیم نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوشن ایکٹ سے صرف ڈاکٹرہی عدم تحفظ کا شکار نہیں ہورہے بلکہ اس ایکٹ کی شقیں عام آدمی کو مفت علاج سے بھی محروم کررہی ہیں انہوں نے واضح کیا کہ یہ احتجاج اس ظالمانہ ایکٹ کے خاتمے تک جاری رہے گاادھر10روز سے جاری ہڑتال اوراو پی ڈی کی بندش کی وجہ سے ہزاروںمریض شدید مشکلات کا شکار ہو گئے راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی ہدایت کے باوجود الائیڈ ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس او پی ڈی میں متبادل ہیلتھ کیئر کا انتظام نہ کرسکے۔