عوام کی اکثریت نے سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹانے کے فیصلے کی حمایت کر دی

نجی ٹی وی چینل کی جانب سے کروائے گئے سروے میں 70 فیصد لوگوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے فیصلے کو درست قرار دیا

muhammad ali محمد علی ہفتہ 19 اکتوبر 2019 19:53

عوام کی اکثریت نے سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹانے کے فیصلے کی حمایت کر ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 اکتوبر2019ء) عوام کی اکثریت نے سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹانے کے فیصلے کی حمایت کر دی، نجی ٹی وی چینل کی جانب سے کروائے گئے سروے میں 70 فیصد لوگوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے فیصلے کو درست قرار دیا۔ تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد کی تینوں فارمیٹ کی ٹیم کی کپتانی سے برطرفی کے فیصلے پر عوام کی رائے پر مبنی سروے کروایا گیا ہے۔

نجی ٹی وی چینل کی جانب سے کروائے گئے سروے میں عوام سے سوال کیا گیا کہ آیا سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹانے کا فیصلہ درست ہے یا غلط۔ سروے میں عوام کی اکثریت نے سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹانے کے پی سی بی کے فیصلے کی حمایت کی۔ جبکہ کچھ افراد نے پی سی بی کے اس فیصلے کی مخالفت کی۔ سروے میں 72 فیصد لوگوں نے سرفراز احمد کی برطرفی کے فیصلے کو درست قرار دیا، جبکہ 28 فیصد کی رائے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے کپتان تبدیل کیے جانے کا فیصلہ غلط ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے گزشتہ روز سرفراز احمد کو تینوں فارمیٹ کی ٹیم کی کپتانی سے برطرف کرنے کا اعلان کیا تھا۔ جبکہ سرفراز احمد کو آسٹریلیا کیخلاف سیریز کیلئے ٹیم سے بھی ڈراپ کر دیا گیا ہے۔ سرفراز احمد کی جگہ بابر اعظم کو ٹی ٹوئنٹی ٹیم جبکہ اظہر علی کو ٹیسٹ ٹیم کا کپتان نامزد کیا گیا ہے۔ دوسری جانب قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد کو تینوں فارمیٹس کی کپتانی سے ہٹائے جانے پر اٴْن کے مداح جذباتی ہوگئے ہیں ۔

سوشل میڈیا پر مداحوں نے سرفراز کو کپتانی سے ہٹانا غیر منصفانہ قرار دیا۔ پی سی بی کے اس اقدام کے بعد ہیش ٹیگ سرفراز احمد پاکستان کے ٹرینڈ پینل پر ٹاپ ٹرینڈ بھی رہا۔سرفراز کے مداحوں نے بطور کپتان ان کی صلاحیتوں کا اعتراف کرتے ہوئے ویڈیوز اپلوڈ کیں۔