Live Updates

لڑائی ختم، وزیراعظم کے مشیر نعیم الحق اور صحافی عارف حمید بھٹی کے درمیان صلح ہوگئی

دونوں افراد کے درمیان صلح کروانے کیلئے گورنر پنجاب چوہدری سرور نے اہم کردار ادا کیا، نعیم الحق پر غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا گیا تھا

muhammad ali محمد علی ہفتہ 19 اکتوبر 2019 20:33

لڑائی ختم، وزیراعظم کے مشیر نعیم الحق اور صحافی عارف حمید بھٹی کے درمیان ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 اکتوبر2019ء) لڑائی ختم، وزیراعظم کے مشیر نعیم الحق اور صحافی عارف حمید بھٹی کے درمیان صلح ہوگئی، دونوں افراد کے درمیان صلح کروانے کیلئے گورنر پنجاب چوہدری سرور نے اہم کردار ادا کیا، نعیم الحق پر غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما اور وزیراعظم عمران خان کے مشیر نعیم الحق اور معروف صحافی عارف حمید بھٹی کے درمیان صلح ہوگئی ہے۔

صلح کروانے میں گورنر پنجاب چوہدری سرور نے اہم کردار ادا کیا۔ اس حوالے سے وزیراعظم کے مشیر نعیم الحق نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ عارف حمید بھٹی کیساتھ میٹنگ بہت اچھی رہی، ہمارے درمیان مس انڈرسٹینڈنگ ختم ہوگئی ہے جو بنیادی تنازعےکا باعث بنی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ کچھ روز قبل صحافی عارف حمید بھٹی اور نعیم الحق کے درمیان سوشل میڈیا پر تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا تھا۔

تنازعے کا آغاز تب ہوا جب عارف حمید بھٹی نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پرائم منسٹر سیکرٹریٹ کے چوتھےفلور پر کمروں کے اندر جو ہو رہا ہے وہ میں بیان ہی نہیں کر سکتا ، نعیم الحق کے اوپر والے اور نیچے والے کمرے میں کون نام بدل کر رہائش پذیر ہے۔ چند دن پہلے خان صاحب نے انہیں برا بھلا کہا کہ پرائم منسٹر سیکرٹریٹ میں میں تو یہ کام نہ کیا کرو۔

عارف حمید بھٹی نے کھل کر بات نہیں کی لیکن ایسا لگ رہا تھا کہ جیسے وہ یہ کہنا چاہتے ہوں کہ نعیم الحق کی سرپرستی میں پرائم منسٹر سیکرٹریٹ میں غیر اخلاقی سرگرمیاں جاری ہیں۔ عارف حمید بھٹی کے الزامات پر نعیم الحق نے سخت زبان استعمال کرتے ہوئے کہا کہ یہ بیروزگار شرابی عارف حمید بھٹی ہر شام شراب کی بوتلیں خالی کرکے بکواس کرتا ہے۔ اس نے اب تک جو بھی کہا ہے کہ وہ جھوٹ اور بکواس ہے ۔ ہمیں دعا کرنی چاہئے کہ اسے شراب نوشی اور جھوٹ سے چھٹکارا ملے۔ اب کئی روز گزرنے کے دونوں افراد کے درمیان صلح کروا دی گئی ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات