وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس،امن و امان کی صورتحال کا جائزہ،وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ کی بھی شرکت

کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، صوبے میں قانون کی عملداری کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا اوکاڑہ میں بچوں پر تشدد کے واقعہ کا نوٹس، ملزم گرفتار،اسسٹنٹ کمشنر کی تشدد کا نشانہ بننے والے بچوں سے ملاقات ڈی ایچ کیوہسپتال حافظ آباد میں بچوں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کی تحقیقات اورغفلت کے ذمہ داروں کا تعین کرنے کا حکم

ہفتہ 19 اکتوبر 2019 22:38

وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس،امن و امان کی صورتحال کا جائزہ،وفاقی وزیر ..
لاہور۔19 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2019ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت ہفتہ کے روز وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا،وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر(ر) اعجاز شاہ نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیااور امن عامہ کی بہتری کیلئے پنجاب اور وفاق کے درمیان مربوط کوآرڈینیشن پر اتفاق کیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔ امن عامہ برقرار رکھنے کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں گے اورعوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔ قانون شکن عناصر کے خلاف بلاتفریق کارروائی ہو گی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ شرپسند عناصر کی سرکوبی کیلئے پولیس جانفشانی سے فرائض سرانجام دے کیونکہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنا ریاست کی اولین ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ صوبے میں قانون کی عملداری کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ سے بڑھ کر کوئی ترجیح نہیں۔وزیراعلیٰ نے صوبے میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف بلاامتیاز آپریشن جاری رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ داخلی و خارجی راستوں کی سخت چیکنگ کی جائے۔چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ،اعلی سول و عسکری حکام،پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔