Live Updates

موجودہ حکومت کسی چور دروازے سے نہیں بلکہ عوام کے ووٹ کی طاقت سے اقتدار میں آئی ہے، گورنرسندھ

صرف اقتدار کے حصول کیلئے دھرنا کبھی کامیاب نہیں ہوگا کیونکہ عوام نے عمران خان کو پانچ سال کیلئے وزیراعظم منتخب کیا ہے،عمران اسماعیل

ہفتہ 19 اکتوبر 2019 22:44

موجودہ حکومت کسی چور دروازے سے نہیں بلکہ عوام کے ووٹ کی طاقت سے اقتدار ..
حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2019ء) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ صرف اقتدار کے حصول کیلئے دھرنا کبھی کامیاب نہیں ہوگا کیونکہ عوام نے عمران خان کو پانچ سال کیلئے وزیراعظم منتخب کیا ہے، موجودہ حکومت کسی چور دروازے سے نہیں بلکہ عوام کے ووٹ کی طاقت سے اقتدار میں آئی ہے۔وہ کیڈٹ کالج پیٹارو جامشورو میں پاکستان کے مختلف اسکول ، کالجزکے درمیان اردو اور انگلش زبانوں میں تقریری مقابلے کی تقریب میں شرکت کے موقع پر میڈیا کے نمائندوںسے گفتگو اور تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

گورنر عمران اسماعیل نے کہا کہ 22سال تک عمران خان نے محنت اور جدوجہد کرنے کے بعد یہ مقام حاصل کیا ہے کسی شارٹ کٹ کے ذریعے انہیں نہیں ہٹایا جا سکتا، پر امن احتجاج کرنا ہر کسی کا جمہوری حق ہے مگر اس کی آڑ میں کسی کو بھی انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائیگی، انہوں نے کہا کہ مولانا کو اپنے اعلانات پر نظر ثانی کرنا چاہیے کیونکہ ملک دشمن عناصر ملک کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں مگر وہ اپنے نا پاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے، گورنر عمران اسماعیل نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ ملک میں کیڈٹ کالج جیسے ادارے موجود ہیں جہاں نہ صرف نصابی بلکہ غیر نصابی سرگرمیوں کے ذریعے نوجوانوں کی بہتر تربیت کے ساتھ ساتھ ان کی صلاحیتوں میں اضافے کا بہتر مواقع فراہم کیے جاتے ہیں، کیڈٹ کالج پیٹارو پاکستان کا بہترین اداراہ ہے جس نے تعلیم کے شعبے کی ترقی کیلئے اہم کردار ادا کیا ہے، یہاں سے فارغ التحصیل نوجوان پاک فوج ،صحت ، تعلیم ، اقتصادیات سمیت مختلف شعبوں میں نمایاں کردار ادا کررہے ہیں تاہم ملک میں تعلیم کی ترقی کیلئے مزید کام کرنے کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ جو لوگ بڑے خواب دیکھتے ہیں وہ محنت اور لگن کے ساتھ ہر مشکل امتحان میں کامیابی حاصل کرتے ہیں، انہوں نے طالبعلموں سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں آپ کیلئے سبق ہوتا ہے اور ہمیں مشکلات سے سیکھنا ہے اور شکست سے ڈرنا نہیں بلکہ ثابت قدم رہتے ہوئے جدوجہد کو جاری رکھنا ہے جو لوگ صبراور محنت کرتے ہیں للہ تعالیٰ بھی ان کا ساتھ دیتا ہے۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے تقریری مقابلے میں پوزیشن حاصل کرنے والے طالبعلموں کو شیلڈز دیں، قبل ازیں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے سی سی پی سک بے کا سنگ بنیاد بھی رکھا، انہوں نے کیڈٹ کالج پیٹارو کے پرنسپل کموڈور محبوب الہٰی ملک کے ساتھ کیڈٹ کالج پیٹارو کی کلاسز ، کمپیوٹر لیب ، ایچ ای سی سے منسلک ڈیجیٹل لائبریری ، چائنیز لینگویج ڈیپارٹمنٹ، اسپورٹس کمپلیکس، کرکٹ ، ہاکی اور فٹ بال اسٹیڈیم کا بھی جائزہ لیا، انہوں نے کالج میں پودا بھی لگایا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات