سٹیٹ بنک کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جو کہ بے حد اہم پیش رفت ہے، انجئنیر حافظ احتشام جاوید

ہفتہ 19 اکتوبر 2019 22:46

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اکتوبر2019ء) کسی بھی ملک کے معاشی استحکام میں زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم معیشت کے ضامن سمجھے جاتے ہیں اور اس ضمن میں سٹیٹ بنک کی جانب سے جاری کی گئی رپورٹ کے مطابق ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جو کہ بے حد اہم پیش رفت ہے ملکی مفاد میں ہمیں ایسے مزید اقدامات کرنا ہوں گے جس سے ذرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ در اضافہ ہوتا چلا جائے ۔

ان خیالات کا اظہار آل پا کستان ٹیکسٹائل پروسیسنگ ملز ایسوسی ایشن ( اپٹپما) فیصل آباد ریجن کے چئیرمین انجئنیر حافظ احتشام جاوید نے اپنے ایک بیان کے ذریعہ کیا۔ انہوں نے کہا سٹیٹ بنک کی جانب سے جاری کئے گئے اعدادو شمار سے ظاہر ہے حکومت کی معاشی پالیسیاں درست سمت میں سفر کر رہی ہیں اور وہ وقت دور نہیں جب ہماری معیشت کا شمار دنیا کی چند بڑی معیشتوں میں ہو گا۔

(جاری ہے)

یہ ذخائر 15 ارب 14 کروڑ ڈالر کی سطح تک پہنچ چکے ہیں جو کہ حوصلہ افزاء ہیں۔ ان میں اسٹیٹ بنک کے ذخائر 5 کروڑ 60 لاکھ ڈالر اضافے سے 7 ارب 81 کروڑ ڈالر جبکہ بنکوں کے ذخائر 9 کروڑ 81 لاکھ ڈالر اضافے سے 7 ارب 32 کروڑ ڈالر کی حد عبور کر چکے ہیں اور معاشی تجزیہ کاروں نے اس پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ترسیلات زر، بیرونی سرمایہ کاری اور برآمدات میں اضافہ کو اسکی وجہ قرار دیا ہے۔

انجئنیر حافظ احتشام جاوید نے کہا کہ معاشی اعدادوشمار اب واضح ہونا شروع ہو گئے ہیں اور یوں محسوس ہوتا ہے جیسے ہم مشکلات سے نکل رہے ہوں ، کیونکہ گذشتہ چند ماہ قبل حکومت نے جو انقلابی معاشی پالیسیاں متعارف کروائی تھیں ، ٹیکسوں کے نظام میں جن بنیادی اُمور کو پیش نظر رکھتے ہوئے اہم فیصلے کئے تھے اب ان کے ثمرات حاصل ہونے کا وقت آن پہنچا ہے اور اُمید کی جا سکتی ہے کہ ہمارا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے۔

انہوں نے کہا سرمایہ کاروں اور کاروباری افراد کیلئے سرمایہ کاری کرنے کے بہترین مواقع موجود ہیں جن سے وہ اپنا سرمایہ انڈسٹری کے فروغ اور توسیع میں لگا سکتے ہیں جس کے ذریعہ وہ نہ صرف اپنا سرمایہ محفوظ اور منافع بخش بنا سکتے ہیں بلکہ ملک کی تعمیر و ترقی اور بے روزگاری پر قابو پانے میں اپنا حصہ ڈال سکیں گے۔