Live Updates

آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے عدنان اکمل کو ٹیم میں واپس شامل کیے جانے کا امکان

وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد کی وجہ سے کئی برس قبل ٹیم سے باہر کر دیے گئے تھے، اب سرفراز کی چھٹی کے بعد انہیں دوبارہ ٹیم میں شامل کیے جانے پر غور شروع کر دیا گیا

muhammad ali محمد علی ہفتہ 19 اکتوبر 2019 23:12

آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے عدنان اکمل کو ٹیم میں واپس شامل کیے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 اکتوبر2019ء) آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے عدنان اکمل کو ٹیم میں واپس شامل کیے جانے کا امکان، وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد کی وجہ سے کئی برس قبل ٹیم سے باہر کر دیے گئے تھے، اب سرفراز کی چھٹی کے بعد انہیں دوبارہ ٹیم میں شامل کیے جانے پر غور شروع کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق دورہ آسٹریلیا کیلئے سرفراز احمد کو ڈراپ کیے جانے کے بعد سوال کیا جا رہا ہے کہ اب قومی کرکٹ ٹیم کیلئے وکٹ کیپنگ کے فرائض کون انجام دے گا۔

اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے عدنان اکمل کو موقع دیا جا سکتا ہے۔ جبکہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے محمد رضوان ٹیم میں شامل کیے جا سکتے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے اسکواڈ میں شمولیت کیلیے عابد علی، امام الحق اور سمیع اسلم کے نام زیر غور ہیں تاہم سلمان بٹ کو ایک بار پھر نظر انداز کیے جانے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق پی سی بی میں ایک حلقہ ان کی واپسی کے حق میں نہیں، عثمان صلاح الدین اور سعد کو بھی موقع دیے جانے کا امکان ہے، عدنان اکمل کا نام بھی ٹیسٹ اسکواڈ کیلیے زیر غور ہے، تاہم دورے کیلیے بولرز کا انتخاب ٹیم مینجمنٹ کیلیے درد سر بنا ہوا ہے۔ حسن علی، شاہین شاہ آفریدی اور محمد عباس کی فٹنس پر تاحال کام جاری ہے۔اطلاعات کے مطابق ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق چاہتے ہیں کہ محمد عامرٹیسٹ کرکٹ میں واپس آ جائیں،ان کی پیسر سے بات بھی ہوئی ہے۔

دوسری جانب بولنگ کوچ وقار یونس نے ایک انٹرویو میں واضح کیاکہ محمد عامر اور وہاب ریاض کی طویل فارمیٹ میں واپسی کا امکان نہیں،وہ ممکنہ فاسٹ بولنگ آپشنز راحت علی، محمد موسی، بلاول بھٹی، محمد عرفان، ثمین گل اور عمران خان سینئر کی رپورٹس کا جائزہ لیں گے۔ محمد حسنین کی پیس پاور کو استعمال کرنے پر بھی سنجیدگی سے غور ہونے لگا۔آسٹریلیا میں کھیلنے کا تجربہ دیکھتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلیے عثمان قادر کا نام بھی لیا جا رہا ہے،ظفر گوہر، محمد عرفان اور زاہد محمود بھی ابتدائی فہرست میں موجود ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات