Live Updates

حکومت جمعیت علماء اسلام (ف) کے تمام معاملات اور تحفظات مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کے لیے تیار ہے

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

اتوار 20 اکتوبر 2019 00:35

حکومت جمعیت علماء اسلام (ف) کے تمام معاملات اور تحفظات مذاکرات کے ذریعے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2019ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے تمام معاملات اور تحفظات مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کے لیے تیار ہے۔ اتوار کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مولانا فضل الرحمان پر زور دیا کہ وہ اپنے جائز مطالبات حل کے لیے حکومت کے سامنے پیش کرے۔

انہوں نے کہا کہ جے یو آئی (ف) کے سربراہ نام نہاد آزادی مارچ اور غیر جمہوری ہتھکنڈوں کے ذریعے اپنے مطالبات کی تکمیل کیلئے جمہوری حکومت پر دباؤ ڈال رہے ہیں لیکن حکومت بغیر کسی امتیاز کے بدعنوان اور لوٹ مار کرنے والوں کے احتساب کے عزم پر قائم ہے۔

(جاری ہے)

عثمان ڈار نے کہا کہ مولانا اپنے مفادات کے لیے مارچ کا پروپیگنڈا کر رہے ہیں اس کا مقصد دینی مدارس کے طلباء کو ان کے مذموم مقصد کے حصول کے لیے اکسانا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت ملک میں معاشی استحکام لا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ محصولات جمع کرنے کے لیے ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنے کے اقدامات پہلے سے ہی کیے جا چکے ہیں جس سے قومی معیشت کو بہتر بنانے کی راہ ہموار ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی دانشمندانہ پالیسیوں اور وزیراعظم عمران خان کی متحرک قیادت میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارے اور تجارتی خسارے میں کافی حد تک کمی واقع ہوئی ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات