نابینا افرادسماجی ترقی میں اہم کردار ادا کررہے ہیں‘ڈپٹی کمشنر سرگودھا

اتوار 20 اکتوبر 2019 12:35

سرگودہا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2019ء) ڈپٹی کمشنر سرگودھا آسیہ گل نے کہا ہے کہ نابینا افرادسماجی ترقی میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔انہیں نظر انداز نہیں کیاجاسکتا۔ اللہ تعالیٰ نے بینائی سے محرومی کے متبادل ا نہیں بے پناہ خوبیاں عطا کر رکھی ہیں تاکہ وہ خود کو معاشرے کامفید شہری ثابت کرسکیں ۔ انہوں نے ایسوسی ایشن آف بلائنڈ اورسوشل ویلفیئر کے باہمی اشتراک سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت تاریک آنکھوں کوپر نور بنانے کیلئے پرعزم ہے ۔

بصارت سے محروم افراد بصیرت سے محروم نہیں حالیہ مقابلے کا امتحان پاس کرنے والی صائمہ سعید پاکستان کاسرمایہ اور نابینا افراد کی صلاحیتوں کا اعتراف ہے جو سفیر کے طو رپر دنیا بھر میں پاکستان کانام روشن کررہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ حکومت نابینا افراد کو تمام وسائل اور یکساں ترقی کے مواقع فراہم کررہی ہے تاکہ وہ بوجھ بننے کی بجائے معاشرے میں اپنا فعال کردار ادا کر سکیں ۔

ڈپٹی کمشنر آسیہ گل نے نابینا افراد کیلئے ایک لاکھ روپے کے تحائف کا اعلان کیا ۔ انہوں نے ڈرائیور حضرات کیلئے نابینا افراد کے بارے آگہی لیکچر شروع کرنے کی ہدایت کی۔ اس طرح ٹریفک وارڈن کو بھی ہدایت کی کہ وہ سڑکوں پراپنے فرائض کی بجا آوری کے دوران سفید چھڑی کاتحفظ یقینی بنائیں ۔ تقریب سے ڈاکٹر پروفیسر ہارون الرشید تبسم ‘ شاہد احمد میمن ‘ محمد مصطفی او ررانا کامران نے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پر نابینا افراد نے مختلف اصلاحی ٹیبلوز ‘ خاکے اور موسیقی کامظاہرہ کیا۔