متحدہ عرب امارات کی پاکستان کو بڑی پیشکش

یو اے ای کا پاکستان سے افرادی قوت کا ڈیٹا بیس جوڑنے کا فیصلہ،پاکستانیوں کے لیے نوکریوں میں اضافے پر 3 سالہ منصوبہ تیار کرنے پر بھی اتفاق

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان اتوار 20 اکتوبر 2019 13:07

متحدہ عرب امارات کی پاکستان کو بڑی پیشکش
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 اکتوبر 2019ء) : متحدہ عرب امارات نے پاکستان کو بڑی پیشکش کر دی ہے۔تفصیلات کے مطابق یو اے ای نے پاکستان سے افرادی قوت کا ڈیٹا بیس جوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔متحدہ عرب امارات نے پاکستان کو دوبئی کی لیبر مارکیٹ کے ڈیجیٹل ڈیٹا بیس تک رسائی دینے کی پیشکش ہے۔یہ پیشکش دوبئی میں ہونے والے پانچویں وزارتی سیشن میں کی گئی۔

پاکستانیوں کے لیے نوکریوں میں اضافے پر تین سالہ منصوبہ تیار کرنے پر بھی اتفاق ہوا ہے۔پاکستان اور یواے ای کے درمیان سفارتی تعلقات میں آئے روز بہتری دیکھنے کو مل رہی ہے۔رواں ماہ متحدہ عرب امارات نے پاکستان کی آئل ریفائنری کے منصوبے میں 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کا اعلان کیا تھا۔ پاکستان میں تعینات متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سلیم الزابی نے کہا کہ متحدہ عرب امارات رواں سال کے اختتام میں پاکستان میں آئل ریفائنری کے منصوبے میں 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔

(جاری ہے)

حالیہ انٹرویو میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سلیم الزابی نے کہا کہ ہم حب میں ریفائنزی کے منصوبے میں بہت جلد بڑی سرمایہ کاری کرنے جارہے ہیں۔اُن کا کہنا تھا کہ یہ ابو ظہبی کی مبادلہ پیٹرولیم کمپنی، پاک عرب ریفائنزی لمیٹڈ( پارکو ) اور او ایم وی ( او ایم وی پاکستان ایکسپلوریشن جیسلشافٹ ) کے درمیان 5 ارب ڈاکر کی سرمایہ کاری ہوگی۔

یہ منصوبہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلق کی مضبوطی کو ظاہر کرے گا کہ کس طریقے سے متحدہ عرب امارات پاکستان میں سرمایہ کاری اور اس کے مستقبل پر توجہ مرکوز کررہا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ چند ماہ قبل دورہ پاکستان کے دوران مبادلہ پیٹرولیم کے چیف ایگزیکٹو افسر کی سربراہی میں متحدہ عرب امارات کے وفد نے چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ، وزیر پیٹرولیم سے ملاقات کی تھی وہ اس منصوبے پر تفصیلی گفتگو کرچکے ہیں، ہم بہت جلد اسے شروع کرنے والے ہیں۔