صدر آزاد کشمیر کی بھارتی فوج کی شہری آبادی پر وحشیانہ گولہ باری کی شدید مذمت

بھارت نے آزاد کشمیر کے خلاف غیر اعلانیہ جنگ شروع کر دی ہے، آزاد کشمیر کے عوام کے صبر کو نہ آزمایا جائے ،سردار مسعود خان پاک فوج کے ساتھ مل کر دفاع وطن کیلئے تیار ہیں،اقوام متحدہ ، عالمی برادری بھارت کے جنگی جنون کا نوٹس لے،لندن سے بیان ، برسٹل میں کانفرنس سے خطاب

اتوار 20 اکتوبر 2019 17:25

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2019ء) آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے وادی نیلم سمیت آزاد کشمیر کے مختلف سیکٹروں میں بھارتی فوج کی شہری آبادی پر وحشیانہ گولہ باری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے دشمن کی بزدلانہ حرکت قرار دیا ہے ۔ لندن سے جاری ہونے والے ایک بیان میں صدر آزاد کشمیر نے وادی نیلم میں فلاکان ، جورا بانڈی ، اشکوٹ ، صندوق ، میرپورہ ، کنڈل شاہی ، لیسوا ، نوسیری ، نوسدہ کے علاوہ وادی لیپہ اور کھوئی رٹہ سیکٹر میں بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ اور اس کے نتیجہ میں متعدد شہریوں کی شہادت اور زخمی ہونے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے شہید و زخمی ہونے والوں کے خاندانوں سے گہری ہمدردی کا اظہار کیا اور بھارت کے اس وحشیانہ اقدام کو غیر اعلانیہ جنگ قرار دیا ۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ ہم ایک عرصہ سے تسلسل کے ساتھ یہ بات کہہ رہے ہیں کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر کو اپنی کالونی قرار دینے کے بعد اپنا ہدف آزاد کشمیر پر حملہ کو قرار د ے چکا ہے ۔ ہفتہ اور اتوار کی رات بھارت کی طرف سے دور مار آرٹلری گنوں سے حملہ ایک کھلی جارحیت ہے جس کا موثر جواب دینے کے علاوہ اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری کو سخت نوٹس لینا چاہیے ۔

اُنہوں نے کہا کہ بھارت کے ان بزدلانہ اقدامات کا واحد مقصد مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی جرائم سے دنیا کی توجہ ہٹانے کے علاوہ آزاد کشمیر کے عوام اور پاکستان کو مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی جدوجہد آزادی کی حمایت سے روکنا ہے جس میں بھارت کبھی کامیاب نہیں ہو گا ۔ اُنہوں نے کہا کہ بھارت جان بوجھ کر لائن آف کنٹرول پر جنگ کی صورتحال پیدا کر کے کشیدگی بڑھا رہا ہے جو کسی بھی وقت پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑی جنگ کا سبب بن سکتا ہے ۔

صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ اگر بھارت نے آزاد کشمیر کی شہری آبادی پر گولہ باری کا سلسلہ جاری رکھا یا جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی تو آزاد علاقہ کے عوام کے لیے بھارت کے خلاف ہتھیار اُٹھا کر لڑنے کے سوا کوئی اور راستہ نہیں ہو گا ۔ اُنہوں نے آزاد کشمیر کا دفاع کرنے والی افواج پاکستان کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اُنہیں یقین دلایا کہ آزاد ریاست کا بچہ بچہ دفاع وطن اور دشمن کے مذموم عزائم خاک میں ملانے کے لیے افواج پاکستان کے ساتھ مل کر جان کی بازی لگانے لیے تیار ہے ۔

اُنہوں نے کہا کہ یہ علاقہ ہمارے آبائو اجداد نے عظیم قربانیاں دے کر آزاد کرایا تھا اور اس کے ایک ایک انچ کی حفاظت کرنا ہمارا فرض ہے ۔ قبل ازیں برطانیہ کے شہر برسٹل میں پاکستان ایسوسی ایشن اور برسٹل کشمیر فائونڈیشن کے زیر اہتمام کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ بھارت کے بد ترین مظالم اور فسطائی ہتھکنڈوں کے باجود مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام اپنی جدوجہد کو ترک کریںگے اور نہ ہی بھارت کے غیر قانونی تسلط اور غلامی کو قبول کریں گے ۔

اُنہوں نے کہا کہ پانچ اگست کو مقبوضہ وادی میں کرفیو نافذ کر کے اور مواصلاتی ناکہ بندی کر نے کے بعد بھارت نے ظلم و استبداد کا ایک ایسا سلسلہ شروع کیا جس کی نظیر کشمیر کی تاریخ میں نہیں ملتی ۔ اُنہوں نے کہا کہ بھارت کی قابض افواج نے ہزاروں بے گناہ شہریوں، نوجوانوں اور بچوں کو گرفتار کر کے بھارت کے بد نام ترین جیلوں میں بند کیاہوا ہے جہاں اُن پر بد ترین غیر انسانی تشددد کیا جا رہا ہے اور ان اسیران کو ما ورائے عدالت قتل کر کے اُنہیں گمنام قبروں میں دفن کیا جا رہا ہے ۔

صدر آزاد کشمیر نے عالمی میڈیا کی کشمیر کے حوالہ سے حالیہ رپورٹوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقومی میڈیا ،عالمی سول سوسائٹی اور انسانی حقوق کے ادارے ایک تسلسل کے ساتھ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے کشمیریوں کے ساتھ غیر انسانی اور وحشیانہ سلوک کو بے نقاب کر رہے ہیں۔ لیکن بد قسمتی سے دنیا کی حکومتیں اپنے معاشی اور سیاسی مفادات کے پیش نظر بھارت کے مظالم سے آنکھیں چرا رہی ہیں جو ایک المیہ ہے ۔

اُنہوں نے برطانیہ اور یورپ میں مقیم کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی کی کشمیر کاز کے لیے بے پناہ خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے زور دیا کہ وہ اپنی کوششوں میں تیزی لائیں اور بدلے ہوئے حالات میں بین الاقوامی رائے عامہ کو کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے مطالبہ کے حق میں ہموار کریں ۔صدر آزاد کشمیر نے برطانیہ ، یورپین پارلیمنٹ ، فرانس ، ناروے اور دیگر با اثر ممالک کے پارلیمنٹرین کا بھی کشمیری عوام کے حقوق کے لیے آواز بلند کرنے پر شکریہ ادا کیا ۔

کشمیر کانفرنس سے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کی مجلس حسابات کے چیئرمین عبدالرشید ترابی ، جموں و کشمیر سالویشن موومنٹ کے چیئرمین الطاف بھٹ اور تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر فہیم کیانی ، ویسٹ انگلیڈ کے میئر ٹم باولز ، کونسلرز اور کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی کے سرکردہ رہنمائوں نے بھی خطاب کیا۔