برطانوی وزیراعظم کی یورپی یونین سے بریگزٹ میں تاخیر کی درخواست

ض* یورپی یونین کے رکن ممالک کے سفارت کار کی ڈیڈلائن میں توسیع کیلئے مشاروت

اتوار 20 اکتوبر 2019 19:30

/لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اکتوبر2019ء) برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے یورپی یونین سے اخراج کی ڈیڈ لائن میں توسیع کے لیے تحریری طور پر درخواست بھیج دی ہے۔ گزشتہ روز برطانوی ارکان پارلیمان نے ایک ایسی قرارداد منظور کی تھی جس کے بعد وزیر اعظم بورس جانسن بریگزٹ کی ڈیڈ لائن، اکتیس اکتوبر میں توسیع کی درخواست دینے پر مجبور ہو گئے۔

تاہم وزیر اعظم جانسن ذاتی طور پر اس کے حق میں نہیں۔ ان کی جانب سے بھیجی گئی اس درخواست پر ان کے دستخط بھی موجود نہیں۔ یورپی کونسل کے صدر ڈونلڈ ٹسک نے ایک ٹویٹ کے ذریعے برطانوی وزیرِ اعظم کی جانب سے تحریری درخواست موصول ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔ دوسری جانب یورپی یونین کے رکن ممالک کے سفارت کاربرسلز میں برطانیہ کی جانب سے بھیجی گئی بریگزٹ کی ڈیڈ لائن میں توسیع کی درخواست پر مشاورت کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز ایک یورپی سفارت کار کی جانب سے کہا گیا تھا کہ بریگزٹ کے لئے مقررہ اکتیس اکتوبر کی ڈیڈ لائن میں توسیع کے لیے باقاعدہ درخواست ملنے کی صورت میں یورپی بلاک کے سفارت کار، اس کا تعمیری جائزہ لیں گے اور رکن ممالک کو کسی حتمی فیصلے تک پہنچنے میں کچھ دن درکار ہوں گے۔ قبل ازیں ہفتہ انیس اکتوبر کو برطانوی پارلیمان میں اولیور لیٹوِن نے بریگزٹ میں تاخیر کے لیے ایک قرارداد پیش کی تھی، جس کی برطانوی پارلیمان کے 322 ارکان نے حمایت جبکہ 306 نے مخالفت کی۔