ًپرانہ سکھر کی یونین کمیٹی 15دھاریجو محلہ کے مکینوںکافراہمی آب لائن کی خرابی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

اتوار 20 اکتوبر 2019 19:31

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اکتوبر2019ء) پرانہ سکھر کی یونین کمیٹی 15دھاریجو محلہ کے مکینوں کی بڑی تعداد نے فراہمی آب لائن کی خرابی اور شکایت کے باوجود لائن درست نہ کئے جانے والے عمل کے خلاف علاقہ معززین حافظ محمد اسماعیل چوہان ، سعید احمد دھاریجو ، احسان علی ، محمد عامر ، ایاز احمد مہر و دیگر کی قیادت میں سکھر میونسپل کارپوریشن ، پبلک ہیلتھ ڈپارٹمنٹ ، سکھر انتظامیہ ، منتخب نمائندگان و دیگر کے متعلقہ محکموں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور شدید نعرے بازی کی مظاہرین نے بتایا کہ یوسی 15میں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات کی بدولت علاقہ کچہرہ کنڈی کا منظر پیش کر رہا ہے ، گندگی سے اٹھنے والی تعفن کی وجہ سے مکین بیماری میں مبتلا ہو کر اسپتالوں میں داخل ہو رہے ہیں اب رہی سہی کسر علاقے کے واٹر لائن خراب ہونے کی وجہ سے پوری ہو گئی ہے پانی کی لائن ٹوٹنے کی وجہ سے علاقہ سیلابی صورتحال اختیار کر گیا ہے ، گھروں ، گلیوں اور محلوں میں پانی جمع ہے شکایات کے باوجود ہمارا کوئی پرسان حال نہیں ہے ، سکھر کارپوریشن جاتے ہیں تو وہ کہتے ہیں پبلک ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کے پاس جائو وہاں جاتے ہیں تو عملہ کہتا ہے یہ ہمارا کام نہیں ، منتخب نمائندگان کے پاس جائو وہاں جاتے ہیں تو کوئی ملنے کو تیار نہیں تحریری شکایات اور احتجاجوں کے باوجود کوئی بھی کان دھرنے کو تیار نہیں ہے ، علاقہ مسائلستان بنتا جا رہا ہے سکھر کی صرف ایک یوسی کے علاقے کی یہ صورتحال ہے تو پھر پورے سندھ کی کیا صورتحال ہو گی ، علاقہ مکینوں نے چیف جسٹس آف پاکستان ، صوبائی وزیر بلدیات ، مئیر سکھر و دیگر بالا حکام سے نوٹس لیکر علاقہ مکینوں کو بنیادی و بلدیاتی سہولیات فراہمی کا پرزور مطالبہ کیا ہے ۔

#