ڈیرہ مراد جمالی شہر کی تعمیر و ترقی کے لئے ضروری ہے کہ سب سے پہلے واٹر سپلائی اور سیوریج نظام کو بہتر کیا جائے ، احمد نواز جتک

اتوار 20 اکتوبر 2019 19:32

نصیر آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اکتوبر2019ء) چیف آفیسر میونسپل کمیٹی احمد نواز جتک نے کہا کہ ڈیرہ مراد جمالی شہر کی تعمیر و ترقی کے لئے ضروری ہے کہ سب سے پہلے واٹر سپلائی اور سیوریج نظام کو بہتر کیا جائے جس کے بغیر شہر ترقی کی منازل طے نہیں کرسکتا صوبائی حکومت اگر میونسپل ایڈمنسٹریشن کے لئے خصوصی پیکج دے تو یہ شہر ایک مثالی شہر بن سکتا ہے ان خیالات کااظہار انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر بابو اصغر رند بھی موجود تھے احمد نواز جتک نے کہا کہ شہر کی ترقی کے لیے ماضی میں بھی کئی ترقیاتی اسکمیات پر وسائل کو بروئے کار لایا گیا لیکن کوئی خاص تبدیلی سامنے نہیں آئی انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ شہر کو ایک مثالی شہر بنا سکوں کیونکہ ڈیرہ مراد جمالی نصیرآباد کا ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز شہر ہے اس شہر کی تعمیر و ترقی کے لئے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا احمد نواز جتک نے کہا کہ میونسپل کمیٹی نے اپنے محدود وسائل اور عملہ کی شدید کمی کے باوجود بھی تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا ہوا ہے اور کہا کہ میونسپل ایڈمنسٹریشن شہر کی تعمیر و ترقی اور صفائی ستھرائی میں اپنا قلیدی کردار ادا کررہا ہے انہوں نے کہا کہ ڈیرہ مراد جمالی کی آبادی کئی گناہ بڑھ گئی ہے لیکن صفائی کے لئے عملہ وہی پرانا ہے اس وقت صفائی کے لئے خاکروب کی شدید کمی ہے جس کے سبب شہر کی مکمل صفائی ستھرائی میں مشکلات درپیش ہیں احمد نواز جتک نے بتایا کہ شہر میں اگر کہیں بھی سیوریج لائن ٹوٹ جاتی ہیں تو میونسپل عملہ ہی مرمت کے ساتھ سڑکوں پر ٹہرے پانی کو نکالنے کا کام بھی کرواتا ہے انہوں نے کہا کہ سابقہ ادوار میں اپنی تعیناتی کے دوران سابق وزیر اعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کو میونسپل کمیٹی ڈیرہ مراد جمالی کے لئے ایک سپاس نامہ پیش کیا جس پر خصوصی پیکج دیا گیا جس سے ہیوی مشینری اور فائر بریگیڈ ٹریکٹر، پمپنگ بوزر مشین ٹرالی کچرہ وین سمیت دیگر مشینری خرید کی گئی جس سے آج تک کام لیا جارہا ہے، انہوں نے کہا کہ اب ڈیرہ مراد جمالی مشرقی کے لئے ایک اور پمپنگ بوزر مشین خرید کی جائے گی تاکہ عملہ کو سہولیات دستیاب ہوں۔