پاک فوج کی جوابی کارروائی قابل تحسین، مودی سرکار امن کی زبان نہیں سمجھتی‘ چودھری شجاعت حسین، پرویزالٰہی

دشمنوں کے مقابلہ کیلئے پوری قوم مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر اور کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت کا نوٹس لے

اتوار 20 اکتوبر 2019 20:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2019ء) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ اور شہری آبادی کو نشانہ بنانے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس کا منہ توڑ جواب دینے پر پاک فوج کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے بھارتی فوج کے بنکر تباہ اور مسلسل جارحیت کے مرتکب متشدد بھارتی فوجیوں کو جہنم واصل کر کے اسی سال 27 اور 28 فروری کی اپنی کارروائیوں کی یاد تازہ کر دی ہے، مودی سرکار امن و شرافت کی زبان نہیں سمجھتی۔ انہوں نے کہا کہ کنٹرول لائن پر بھارتی فائرنگ اور شیلنگ کا نشانہ بننے والے معصوم شہریوں اور شہید ہونے والے فوجیوں اور ان کے خاندانوں کو ہم سلام کرتے ہیں اور ان کے درجات کی بلندی کیلئے دعا گو ہیں، آج دشمن کے مقابلہ کیلئے پوری پاکستانی قوم اپنی مسلح افواج کے پیچھے سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے اور وہ مادرِ وطن کے خلاف ہر جارحیت اور سازش کو انشاء اللہ ناکام بنا دیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مودی سرکار نے اپنی فوجوں کے ذریعے 78 دنوں سے لاک ڈائون کر کے مقبوضہ کشمیر کو کربلا بنا رکھا ہے اور وہ آئج روز سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جس طرح کنٹرول لائن پر شہری آبادی پر بلااشتعال فائرنگ کر رہی ہے عالمی برادری کو اس کا نوٹس لینا چاہئے۔