ہندوستانی فوج کی جانب سے نہتے شہریوں پر گولہ باری سے آزادکشمیر کے شہری ڈرنے والے نہیں،راجہ فاروق حیدر

دفاع وطن کیلئے اپنی افواج کے شانہ بشانہ ہندوستانی فوجیوں کے دانت کھٹے کرینگے،ہندوستان خوف و ہراس پھیلا کر سیویلین آبادی کو پیچھے ہٹانا چاہتا ہے ،پیچھے ہٹنے کا سوال پیدا نہیں ہوتا، سرجیکل سٹرائیکس کے ڈراموں سے دنیا کو اب مزید بیوقوف نہیں بنایا جا سکتا،وزیر اعظم آزاد کشمیر

اتوار 20 اکتوبر 2019 20:35

پلندری/اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2019ء) آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کے وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ ہندوستانی فوج کی جانب سے نہتے شہریوں پر گولہ باری سے آزادکشمیر کے شہری ڈرنے والے نہیں ۔ دفاع وطن کے لیے اپنی افواج کے شانہ بشانہ ہندوستانی فوجیوں کے دانت کھٹے کریں گے آزادکشمیر کے شہری بہادر اور دلیر ہیں ہندوستان خوف و ہراس پھیلا کر سیویلین آبادی کو پیچھے ہٹانا چاہتا ہے مگر ہم آگے پیش قدمی کریں گے پیچھے ہٹنے کا سوال پیدا نہیں ہوتا۔

سرجیکل سٹرائیکس کے ڈراموں سے دنیا کو اب مزید بیوقوف نہیں بنایا جا سکتا۔ بڑی مشکل سے لوگوں کو ایل او سی کو روندنے سے وقتی طور پر روک رکھاہے۔ آزادکشمیر کا ہر شہری مقبوضہ کشمیر کے عوام کے اوپر ڈھائے جانے والے مظالم کا بدلہ لینے کے لیے بے چین ہے۔

(جاری ہے)

آزاد کشمیر میں این ٹی ایس کا نفاز میریٹ کی بحالی اور سرکاری دباؤ سے آزاد پی ایس سی کا قیام صدقہ جاریہ ہے جو اس کی خلاف ورزی کرے گا دنیا میں رسوا اور آخرت میں اللہ تعالیٰ کے سامنے جواب دہ ہو گا۔

کشمیر کی مائیں،بہنیں پونچھ کے لوگوں کو 1832 کا کردار ادا کرنے کے لیے بولا رہی ہیں۔ آزادی کے لیے خود کوقربان کرنا پڑے گا، ہمارے آباؤ اجداد نے کشمیر کی آزادی اور ڈوگرہ کی غلامی سے نجات کے لیے بہت قربانیاں دی ہیں. ابھی ان قربانیوں کو دورآنے کا وقت ہے۔انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ اپنے اسلاف کے نقش قدم پر چلنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے ان خیالات کا اظہار نوبل سکول و کالج گڑالہ پلندری میں منعقدہ یوم والدین کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی اورمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ جسکی صدارت علم و ادب فاونڈیشن کے چیئرمین برگیڈیر ر محمد عارف نے کی۔یوم والدین کی تقریب سے آزاد کشمیر کے وزیر صحت ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان، فاونڈیشن کے سیکرٹری و پرنسپل میجر خادم حسین، ملک بوستان و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے اس موقع پر کالج کی نصابی وغیر نصابی سرگرمیوں میں نمایاں کارکردگی کا. مظاہرہ کرنے والے طلباء و طالبات میں شیلڈز اور اسناد تقسیم کیں. وزیراعظم نے اپنی طرف سے 10 لاکھ روپے کے عطیہ کا اعلان بھی کیا۔وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے اپنی حکومتی اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر میں سرکاری سکولوں اور کالجوں کی حالت بہتر بنا کر سٹاف کی کمی کو دور کیا جا رہا ہے۔ضلع سدھنوتی کے مسائل کا زکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا پلندری اور تراڑکھل کے ہسپتالوں کو اپگریڈ کیا جا رہا ہے۔وزیراعظم نے کالج کی انتظامیہ کو اچھے پروگرام پر مبارکباد دی۔تقریب میں طلباء و طالبات نے ٹیبلو پیش کیے جن کو سراہا گیا۔