ٹریننگ کیمپ تباہ کرنے کا بھارتی دعویٰ مضحکہ خیز ہے، بھارت نے گزشتہ رات شیلنگ اور گولہ باری کے ذریعے شہری آبادی کو نشانہ بنایا، بھارتی فوج شہریوں کو نشانہ بنا کر بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کر رہی ہے، دفاع وطن کے لیے آزادکشمیر کے عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ لڑینگے،وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر

اتوار 20 اکتوبر 2019 21:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2019ء) وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے ٹریننگ کیمپ تباہ کرنے کے بھارتی دعویٰ کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے گزشتہ رات شیلنگ اور گولہ باری کے ذریعے شہری آبادی کو نشانہ بنایا، بھارتی فوج شہریوں کو نشانہ بنا کر بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کر رہی ہے، دفاع وطن کے لیے آزادکشمیر کے عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ لڑینگے۔

اتوار کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بھارت کا دعوی ایسا ہی بے بنیاد ہے جیسا اس نے بالاکوٹ کا کیا تھا، بھارت کی فائرنگ سے شہید ہونے والوں میں ساٹھ سال کا ایک بزرگ بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج کے سربراہ کو شرم آنی چاہیے وہ بالی ووڈ کا اداکار لگتا ہے، آزادکشمیر فارن میڈیا کیلیے کھلا ہے ، مقبوضہ کشمیر کو بھارتی فوج نے نوگو ایریا بنا رکھا ہے، بھارتی فوج سول آبادی کو نشانہ بناتی ہے، بھارتی حکومت اور فوج کو جھوٹ بولنے پر شرم آنی چاہیے۔

(جاری ہے)

راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ شہریوں کے مکانات بازاروں پر فائرنگ کرکہ سفید جھوٹ بولتے ہیں کہ کیمپس کو ٹارگٹ کیا، موجودہ ٹیکنالوجی کے دور میں سچ کو چھپانا ناممکن ہے ہندوستان بوکھلا گیا ہے،ہمیں پاک فوج پر مکمل بھروسہ دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔