چینی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے مراعات سے فائدہ اٹھائیں ، شمسی پینل اور لیتھیم بیٹری مینوفیکچرنگ یونٹس قائم کریں

وفاقی وزیر فواد حسین چوہدری کی چینی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت

اتوار 20 اکتوبر 2019 22:20

چینی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے مراعات سے فائدہ اٹھائیں ..
بیجنگ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2019ء) وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد حسین چوہدری نے چینی کمپنیوں کو دعوت دی کہ وہ حکومت کی طرف سے سرمایہ کاری کے لئے پیش کی جانے والی مراعات سے فائدہ اٹھائیں ، پاکستان میں شمسی پینل اور لیتھیم بیٹری مینوفیکچرنگ یونٹس قائم کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم ای آر اے پی سی سلوشنز کے سی ای او سے ملاقات کے دوران کیا ۔

انہوں نے کہا کہ شمسی اور لیتھیم بیٹری مینوفیکچرنگ میں بے پناہ صلاحیت رکھتا ہے اور ان مصنوعات کے افریقہ ، مشرق وسطی ، وسطی ایشیاء اور افغانستان کو برآمدات کے بڑے مواقع موجود ہیں۔وفاقی وزیر اتوار کی صبح5روزہ دورہ پر چین پہنچے ہیں،انہوں نے کہا ہے کہ حکومت چینی کمپنیوں کو مشترکہ منصوبوںسیمت زمین ، تکنیکی مدد اور انسانی وسائل سمیت تمام سہولیات مہیا کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت زراعت کی مصنوعات کو بڑھانے کے لئے زرعی مکینک کمپلیکس بنانے کی دلچسپی رکھتی ہے، ہمارے پاس 45 فیصد حصص ہوں گے جبکہ باقی حصص نجی کمپنیوں کی ملکیت ہوں گے۔فواد چوہدری نے کہا کہ موٹرویز کا نیٹ ورک تکمیل کے قریب ہے جس سے ملکی روابط میں اضافہ ہوگا جبکہ ایم ایل ون ریلوے بھی آئندہ پانچ سال میں مکمل ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت پیداوار اور برمدآت بڑھانا چاہتی ہے اس لئے چینی کمپنیوں کو چاہیئے کہ وہ پاکستان میں مینوفیکچرنگ یونٹس لگائیں۔

سی ای او نے وفاقی وزیر کو بتایا کہ ان کی کمپنی نے گذشتہ 35 سالوں میں پاکستان میں خاص طور پر بجلی کے شعبے میں متعدد منصوبے بنائے ہیں ۔ وفاقی وزیر اپنے چینی ہم منصب سے بھی ملاقات کریں گے اور دونوں ممالک کے مابین سائنس اور ٹکنالوجی کے میدان میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے طریقوں اور ذرائع پر تبادلہ خیال کریں گے۔وہ دورہ چین کے دوران شمسی توانائی اور لتھیم بیٹری بنانے والی کمپنیوں کے سی ای او نیز بائیوگیس پلانٹ کی تنصیب کمپنیوں کے سربراہان سے الگ الگ ملاقات کریں گے۔

وفاقی وزیر ہنان یونیورسٹی آف چائنیز میڈیسن کے صدر کی دعوت پر ہنان یونیورسٹی آف میڈیسن میں ہونے والی بائیو میڈیسن اور چینی طب سے متعلق ہنان انوویٹیو انٹرنیشنل کانفرنس میں شرکت کریں گے۔وہ ہنان یونیورسٹی آف چائنیز میڈیسن کے قائم کردہ ‘‘ماہر تعلیم پروفیسر عطاء الرحمن بیلٹ اور روڈ ٹی سی ایم ریسرچ سنٹر’’ کے افتتاحی موقع پر بھی شرکت کریں گے۔ چین میں پاکستان کی سفیرنغمہ ہاشمی نے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی اور وزیر اعظم ٹاسک فورس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمن کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔