Live Updates

وزیراعظم کل کراچی کا ایک روزہ دورہ کریں گے

وزیراعظم حب میں 1320 میگاواٹ کے پاورپلانٹ کا افتتاح کریں گے، وزیراعظم پی ٹی آئی اراکین سندھ اسمبلی اوراتحادی جماعتوں کے رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کریں گے

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 20 اکتوبر 2019 22:37

وزیراعظم کل کراچی کا ایک روزہ دورہ کریں گے
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20 اکتوبر2019ء) وزیراعظم عمران خان کل کراچی کا ایک روزہ دورہ کریں گے، وزیراعظم حب میں 1320 میگاواٹ کے پاورپلانٹ کا افتتاح کریں گے، وزیراعظم پی ٹی آئی اراکین سندھ اسمبلی اوراتحادی جماعتوں کے رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان کل کراچی کے ایک روزہ دورے پر جائیں گے۔

وزیراعظم عمران خان حب میں چین کے تعاون سے 1320 میگاواٹ کے پاورپلانٹ کا افتتاح کریں گے۔ بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم  کراچی میں گورنر سندھ، پی ٹی آئی اراکین سندھ اسمبلی، ایم کیوایم اور جی ڈی اے رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ ملاقاتوں میں سیاسی صورتحال، سندھ کے عوامی مسائل سمیت ترقیاتی منصوبوں پر بھی بات چیت کی جائے گی۔

(جاری ہے)

اسی طرح وزیراعظم سندھ انفرااسٹرکچرکمپنی کے اعلیٰ سطح وفد سے بھی ملاقات کریں گے۔

تاہم وزیراعظم کے دورہ کراچی کے شیڈول میں وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات شامل نہیں۔ واضح رہے اس سے قبل حکومتی جماعت کے وزیر فواد چودھری کے بیان پر ایم کیوایم کے ساتھ اختلافات بھی پیدا ہوئے ہیں۔ جس پر وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کنوینر ایم کیو ایم پاکستان و وفاقی وزیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے رابطہ کیا۔

اتوار کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق گورنر سندھ نے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کو وزیر اعظم کا پیغام پہنچایا کہ تحریک انصاف اور ایم کیو ایم پاکستان کے درمیان باہمی احترام کا رشتہ ہے۔ گورنر سندھ نے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی پر واضح کیا کہ تحریک انصاف کی حکومت ایم کیو ایم پاکستان کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہوئے اس کے ساتھ آگے چلنے کی خواہاں ہے اور یہی وزیر اعظم پاکستان کی پالیسی ہے۔ گورنر سندھ نے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے کہا کہ مستقبل میں بھی ملک، بالخصوص سندھ کے شہری علاقوں کے مسائل کے حل کے لئے تحریک انصاف ایم کیو ایم پاکستان کے ساتھ مل کر چلنا چاہتی ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات