اسٹیٹ ڈیزاسٹرمینجمنٹ کی بھارتی جارحیت سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ جاری

رواں ماہ اکتوبرمیں بھارتی فوج کی فائرنگ سے12 افراد شہید اور53 زخمی ہوئے، بھارتی فوج کی گولہ باری سےرواں ماہ 43 مکانات بھی تباہ ہوئے۔ رپورٹ کا متن

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 20 اکتوبر 2019 22:56

اسٹیٹ ڈیزاسٹرمینجمنٹ کی بھارتی جارحیت سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20 اکتوبر2019ء) رواں ماہ اکتوبرمیں بھارتی فوج کی فائرنگ سے 12 افراد شہید اور 53 افراد زخمی ہوگئے، اسی طرح بھارتی فوج کی گولہ باری سے 43 مکانات تباہ ہوئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسٹیٹ ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی نے بھارتی جارحیت سے ہونیوالے جانی و مالی نقصان کی رپورٹ جاری کردی ہے۔ جس کے مطابق رواں ماہ اکتوبر میں بھارتی فوج کی فائرنگ اور گولہ باری سے 12 افراد شہید ہوئے، جبکہ بھارتی فوج کی فائرنگ سے 53 افراد زخمی اور لوگوں کے 43 مکانات تباہ ہوئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یکم جنوری سے 20 اکتوبر تک 16خواتین سمیت 53 افراد شہید ہوئے۔ اسی طرح رواں سال بھارتی فوج کی فائرنگ سے 111 خواتین سمیت 246 افراد زخمی ہوئے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ بھارتی گولہ باری سے ایل اوسی کے علاقوں میں 50 گھر مکمل تباہ ہوگئے جبکہ 446 مکانات جزوی طور پر تباہ ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے بھارتی افواج نے آج ایک بار پھر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جوڑا، شاہکوٹ اور نوشیری میں بلا اشتعال فائرنگ کی ہے، بھارتی فوج کی جانب سے شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا ۔

فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا ایک سپاہی لانس نائیک زاہد اور پانچ شہری شہید جبکہ پاک فوج کے دو جوان اور تین شہری زخمی ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کی جانب سے مئوثر جوابی کارروائی کی گئی جس کے نتیجے میں 9 بھارتی فوجی ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے مئوثر جواب سے دو بھارتی بنکرز تباہ ہوگئے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ بھارت مبینہ کیمپوں کے جعلی دعوؤں میں جان ڈالنے کیلئے معصوم شہریوں کو نشانہ بنارہا ہے۔