ریاض: مواصلاتی کمپنیوں کے ٹاورز سے الیکٹرانک سامان چوری کرنے والا پاکستانی شہری نکلا

ملزم نے چوری کی 13 وارداتوں کا اعتراف کر لیا، چوری شدہ سامان کی کُل مالیت 2 لاکھ ریال کے قریبہے

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 21 اکتوبر 2019 10:18

ریاض: مواصلاتی کمپنیوں کے ٹاورز سے الیکٹرانک سامان چوری کرنے والا پاکستانی ..
ریاض (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21اکتوبر2019ء) ریاض پولیس نے طویل عرصہ سے دردِ سر بنے موبائل ٹاورز میں چوری کی وارداتیں کرنے والے ملزم کو بالآخر پکڑ ہی لیا۔ سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ طویل عرصہ سے ریاض کے مختلف علاقوں میں موبائل کمپنیوں کے ٹاورز سے الیکٹرانک آلات اور ساز و سامان چوری ہو رہا تھا، جس میں ملوث ملزم کا پتا نہیں چل رہا تھا، تاہم اب اس ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ملزم کا تعلق پاکستان سے ہے جو مملکت میں غیر قانونی طور پر مقیم ہے۔ ریاض پولیس کے ترجمان شاکر بن سلیمان التویجری نے اس حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ملزم نے موبائل ٹاورز سے آلات و سامان کی چوری کی 13 وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔ ملزم کی جانب سے چوری شُدہ سامان کی کُل مالیت ایک لاکھ 92 ہزار ریال کے لگ بھگ ہے۔

(جاری ہے)

غیر قانونی طور پر مقیم پاکستانی شہری سے دورانِ تفتیش گاڑیوں کی بیٹریاں چُرانے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔

ملزم کو تفتیش مکمل ہونے کے بعد عدالت کے رُوبرو پیش کر دیا جائے گا۔ التویجری نے بتایا کہ مختلف مواصلاتی کمپنیوں کی جانب سے متعدد بار رپورٹس درج کرائی گئیں کہ اُن کے ٹاوز سے قیمتی ساز و سامان چوری ہو رہا ہے، جس کے بعد ملزم کا سُراغ لگانے کے لیے ایک ٹیم تشکیل دی گئی۔ اور بالآخر اسے گرفتار کر ہی لیا گیا۔ ریاض پولیس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ مملکت میں جرائم پیشہ افراد کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے، کوئی بھی شخص جو بدامنی یا چوری ڈکیتی کی واردات انجام دے کر لوگوں میں خوف و ہراس پیدا کرتا ہے، اسے قانون کی کارروائی کا سامنا کر نا ہو گا۔