سعودی عرب میں راحت فتح علی خان اور عاطف اسلم اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے

25 اکتوبر کو دونوں عالمی شہرت یافتہ گلوکار ریاض سیزن میں ہونے والی تقریب میں شائقین کے دِلوں کو گرمائیں گے

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 21 اکتوبر 2019 10:32

سعودی عرب میں راحت فتح علی خان اور عاطف اسلم اپنے فن کا مظاہرہ کریں ..
ریاض (اُردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21اکتوبر2019ء) سعودی عرب میں مقیم لاکھوں پاکستانیوں کے لیے شاندار خبر سامنے آ گئی۔ برصغیر پاک و ہند میں یکساں مقبول پاکستانی گلوکار راحت فتح علی خان اور عاطف اسلم ریاض میں اپنے فن کا مظاہرہ کرنے جا رہے ہیں۔25 اکتوبر 2019ء کو دونوں عالمی شہرت یافتہ گلوکار ریاض سیزن میں ہونے والی موسیقی کی ایک تقریب میں شائقین کے دِلوں کو گرمائیں گے۔

پاکستانی اور ہندوستانی شائقین دونوں فنکاروں کی لائیو پرفارمنس دیکھنے کے لیے بہت بے تاب ہو رہے ہیں۔ اس حوالے سے سعودی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین اور ریاض سیزن کے سربراہ ڈاکٹر ترکی آل شیخ نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ’ ’عاطف اسلم اور راحت فتح علی خان 25 اکتوبر کو ہمارے پاکستانی اور انڈین بھائیوں اور بہنوں کا ریاض میں انتظار کریں گے۔

(جاری ہے)

عاطف اسلم اپنی کوک اسٹوڈیو کی تازہ ترین ریکارڈنگ حمدیہ نظم ’وہی خدا ہے‘ کو بھی ریاض کی تقریب میں پیش کریں گے۔ “انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے مطابق عاطف اسلم اور راحت فتح علی خان کی اس پرفارمنس کے انعقاد کا مقصد مملکت میں بسنے والے پاکستانی بھارتی تارکین وطن کو تفریح فراہم کرنا ہے۔ دونوں فنکار ریاض سیزن کے تحت جاری رہنے والی ایک تقریب میں پرفارم کریں گے۔ واضح رہے کہ ریاض سیزن کا آغاز 11اکتوبر سے ہوا ہے جو 15 دسمبر تک جاری رہے۔ 70 روز تک جاری رہنے والے اس سیزن میں دُنیا بھر کے ممتاز گلوکار، اداکار اور موسیقار اپنے فن کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔