حکومت کے اتحادی چوہدری برادران مولانا کو باعزت پسپائی کا راستہ دکھا سکتے ہیں

مولانا فضل الرحمان ایک بلنڈر کر بیٹھے ہیں، تین وجوہات کی بنا پر ان کا دھرنا نہیں ہوگا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 21 اکتوبر 2019 11:31

حکومت کے اتحادی چوہدری برادران مولانا کو باعزت پسپائی کا راستہ دکھا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 اکتوبر 2019ء) : نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے صحافی و تجزیہ کار ارشاد احمد عارف نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین یا پرویز الٰہی یا پھر ان کا خاندان ہو، اُن کا سیاست میں ایک کردار ہے۔ وہ یہ ہے کہ جب ڈاکٹر طاہر القادری کا دھرنا چل رہا تھا اور سیف ایگزٹ کی کوئی صورتحال نہیں بن رہی تھی تب بھی چوہدری برادران میدان میں آئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ میری رائے کے مطابق یہ تو نہیں ہو گا کہ مولانا فضل الرحمان انہیں جا کر کہیں کہ آپ حکومت چھوڑ دیں اور میرے ساتھ دھرنے میں بیٹھیں ، اُس دھرنے میں جس میں شہباز شریف اور بلاول بھٹو زرداری بھی بیٹھنے کو تیار نہیں ہیں۔ البتہ یہ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ چوہدری برادران مولانا فضل الرحمان کو باعزت پسپائی کا راستہ دے سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان اس وقت دھرنے کا اعلان کر چکے ہیں اور دھرنا دو تین وجوہات کی بنا پر نہیں ہو سکتا۔ نمبر ایک تو یہ کہ اس وقت ریاست ایسے کسی موڈ میں نہیں ہے۔ پہلے ہی لبیک والوں سے مشکل سے نجات ملی ہے اور اب ایک اور لاک ڈاؤن ریاست افورڈ نہیں کر سکتی۔ دوسری وجہ انصار الاسلام کو سامنے لانا تھا جو مولانا فضل الرحمان کی سب سے بڑی غلطی ہے۔

شاید مولانا کو یاد نہیں رہا کہ 2007ء میں اس نام کی تنظیم پر پابندی عائد ہو چکی ہے ، اب معلوم نہیں کہ یہ وہی تنظیم ہے یا کچھ اور ہے۔ اور تیسری وجہ مولانا کی جانب سے کیا جانے والا شو آف ہے۔ جس طرح ایف اے ٹی ایف میں پھنسے ہوئے ہیں ، امریکہ اور افغانستان کے معاملات میں پھنسے ہوئے ہیں اور دہشتگردی اور انتہا پسندی سے نجات حاصل کرنا چاہتے ہیں ایسے میں ریاست کسی دھرنے کی اجازت نہیں دے گی ۔ مولانا نے دھرنے کا اعلان کر کے اور دھرنے کے لیے تاریخ کا اعلان کر کے بہت بڑی غلطی کی ہے جس سے اب وہ نجات حاصل کرنا چاہ رہے ہیں۔